Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سبز مقامات میں اضافہ: مشاعر مقدسہ میں 60 ہزار سے زیادہ درخت لگائے گئے

گزشتہ برس کے مقابلے میں سبز ایریا میں تین گنا زیادہ اضافہ ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حج سیزن 2026 کے آغاز پر مکہ مکرمہ کے مقدس مقامات پر 60 ہزار سے زائد درخت لگائے گئے ہیں جو ایک بڑے شجرکاری منصوبے کا حصہ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اقدام مملکت کی جانب سے پائیداری کو فروغ دینے اور حج کے تجربے کو بہتر بنانے کی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے۔
سعودی رائل کمیشن برائے مکہ اور مقدس مقامات کے تحت کدانہ ڈیویلپمنٹ کمپنی نے ماحولیاتی پائیداری کے فروغ اور عازمین حج کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 20 ہزار سے زائد درخت لگائے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 60 ہزار سے زیادہ درخت لگائے جا چکے ہیں۔
گزشتہ برس حج سیزن کے مقابلے میں سبز ایریا میں تین گنا زیادہ اضافہ ہوا ہے جس سے عازمین حج کو زیادہ آرام دہ ماحول میں مناسک کی ادائیگی میں مدد ملتی ہے۔
یہ اقدام سعودی وژن 2030 اور سعودی گرین انیشیٹیو کے اہداف کے مطابق اور ماحولیاتی توازن میں معاون پائیدار اور جدید حل اپنانے میں کدانہ کمپنی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یاد رہے کدانہ ڈیویلپمنٹ کمپنی نے میدان عرفات میں مسجد نمرہ کے اطراف بھی شجر کاری کی ہے۔
میدان عرفات کی مشرقی سمت میں عازمین حج کی سہولت کے لیے 85 ہزار مربع میٹر رقبے پر درخت لگائے گئے جبکہ دیگر مقامات پر بھی پودے لگائے جا رہے ہیں۔
کدانہ ڈیویلپمنٹ کمپنی مشاعرِ مقدسہ میں اپنے دیگر منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

 کمپنی نے پیدل راستوں کے ساتھ عازمین حج کے آرام کے مقامات کے منصوبے کا دوسرا مرحلہ مکمل کیا ہے جس کا مقصد خدمات بہتر بنانا اور حجاج کے تجربے کو آسان اور بہتر کرنا ہے۔
ان کاموں میں ریسٹ ایریا، سروس کِیوسکس کی تنصیب اور سایہ دار جگہیں شامل ہیں جو پھوار والے پنکھوں سے لیس ہیں۔

 

شیئر: