حج سیزن: مدینہ اور مکہ کے درمیان حرمین ہائی سپیڈ ٹرین کے 5 ہزار 300 ٹرپس
گورنر مدینہ منورہ نے بدھ کو حرمین ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
گورنر مدینہ منورہ اور ریجنل حج و عمرہ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ سلمان بن سلطان نے بدھ کو حرمین ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گورنر مدینہ کے ہمراہ ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن نھار بن سعود اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔
دورے کا مقصد حج سیزن میں عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات اور آپریشنل تیاری کا جائزہ لینا تھا۔
گورنر مدینہ نے دورے کے دوران آپریشنل تیاری کو بہتر بنانے، اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عازمین کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان آمد و رفت کو آسان بنایا جا سکے۔
حرمین ہائی سپیڈ ریلوے کے سی ای او انجینئرریان الحربی نے حج سیزن کے حوالے سے ریلوے آپریشنل پلان کے بارے میں گورنر مدینہ منورہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
سی ای او کا کہنا تھا’ رواں برس مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے درمیان چلنے والی ٹرینوں میں سیٹوں کی گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے، یہ تعداد 2.21 ملین تک ہو گئی ہے۔

حج سیزن میں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان حرمین ہائی سپیڈ ٹرین کے 5 ہزار 300 ٹرپس آرگنائز کیے گئے ہیںِ۔
حرمین ٹرین مدینہ منورہ سے رابغ کے کنگ عبداللہ اکنامک سٹی، جدہ کےکنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جدہ السلیمانیہ سٹیشن سے ہوتی ہوئی مکہ پہنچتی ہے۔
