’ثقافتی رشتے کی جھلک‘: نیوم ایئرپورٹ پر سعودی برازیلی فن پارے کا افتتاح
جمعرات 30 اپریل 2026 11:21
ورث مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روایتی سعودی فن پاروں کو محفوظ کرنے کے لیے وقف ہے (فوٹو: ایس پی اے)
رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹس جسے ورث بھی کہا جاتا ہے، نے نیوم بے ایئرپورٹ پر نئے فن پارے کا افتتاح کر دیا ہے جو سعودی عرب اور برازیل کے درمیان ثقافتی رشتے کی جھلک کو نمایاں کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس شاہکار کا نام ’ہارمنی‘ رکھا گیا ہے جس کا مقصد سعودی روایتی فن پاروں کو عوامی مقامات پر دکھانا ہے اور سیاحوں کو مملکت کی ثقافتی شناخت سے متعارف کروانا ہے۔
چار میٹر طویل دائرہ نما یہ ڈیزائن سعودی اور برازیلی تعلق کو تلاش کرتا ہے جس میں کپڑے کے بنے ہوئے دھاگے، جیومیٹرک پیٹرنز اور فطرت پر مبنی نقش و نگار شامل ہیں۔
یہ کام اپنے مواد، رنگوں اور گہری تفصیل کے ذریعے دونوں ثقافتوں کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ اس فن پارے کو مکمل کرنے میں 400 گھنٹے سے زائد کا وقت لگا۔ اس میں موتی، کرسٹل اور روایتی ٹیکسٹائل کو شامل کیا گیا ہے جو ماہرانہ دستکاری کو جدید فنی وژن کے ساتھ جوڑتا ہے۔
اس فن پارے کو ورث کی سٹوڈنٹ حیا النعیمہ نے سارہ الجاسر اور سارہ الحربی کے ساتھ مل کر بنایا ہے جبکہ ان کے ساتھ برازیلی آرٹسٹ کارمن لینارٹوروکس بھی شامل تھے۔
یہ ورث کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد روایتی سعودی آرٹس کو ایئرپورٹ پر بطور کلچر پلیٹ فارم لگانا ہے تاکہ مسافروں کا استقبال کیا جا سکے اور مملکت کے ورثے کو نمایاں کیا جا سکے۔
اس سے قبل ورث نے ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل فائیو پر دو آرٹ ورکس پیش کیے جس میں 2024 میں کلے لینیج اور 2025 میں یونیٹی شامل تھے۔

سنہ 2026 میں ادارے نے انسائڈل کو بنایا جسے قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے الفرسان لاؤنج پر ڈسپلے کیا گیا۔
ورث مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روایتی سعودی فن پاروں کو محفوظ کرنے اور انہیں فروغ دینے لیے وقف ہے۔ یہ قومی ٹیلنٹ کو سپورٹ کرتا ہے اور دستکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں پڑھنے، ہنر سیکھنے اور روایتی فن پارے بنانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
