موسمِ بہار کی آمد، حدودِ شمالیہ کی چراگاہوں کا رخ کرتے اونٹوں کے ریوڑ
اونٹ گھاس چرتے ہوئے سبزے کا مزہ لے رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حدودِ شمالیہ کے دونوں طرف آج کل صحرا نے ارغوانی رنگ کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔ ریتیلی زمین کا لینڈ سکیپ ایسے دکھائی دیتا ہے جیسے بہار نے زمین پر قالین بچھا دیا ہو۔
سعودی ]ریس ایجنسی کے مطابق صحرا کی وسعتوں میں اِن دِنوں صرف ارغوانی پھولوں کے رنگ ہی نہیں بکھر رہے بلکہ جنگلی پودوں پر بھی نکھار آیا ہوا ہے۔
جہاں اونٹ اور اُن کے بچے، گھاس چرتے ہوئے سبزے کے اِس تنوع کا مزہ لے رہے ہیں۔ جہاں سے بھی دیکھ لیں، ریت کے ہر طرف ارغوانی رنگ کے پھولوں کی چادر سی بچھی ہوئی ہے۔
صحرا کی جوان ہوتی ہوئی گرمی سے مل کر یہ پھول اور بھی دلفریب دکھائی دیتے ہیں۔ اُس پر مستزاد سبزہ ہے جس نے پھولوں کی دلکشی کو دو چند کر دیا ہے۔

دوسری طرف جب صحرا کی دوُر سے دکھائی دینے والی اُفقی لکیر کے اوپر غذا کی تلاش میں اُونٹ قدم بہ قدم چل رہے ہوں تو منظر مزید حسِین ہو جاتا ہے۔
قریب سے لی گئی جوان اُونٹوں کی تصاویر، ماحول کے جاندار ہونے اور چراہ گاہوں کی کثرت کو ظاہر کرتی ہیں۔

اِن مقامات پر پودوں کا تنوع اُن کی ماحولیاتی اور جمالیاتی اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اِس بات کا عکاس بھی کہ یہ ماحول جانوروں اور پودوں کے بڑی تعداد میں ایک ہی جگہ جمع ہونے سے پیدا ہونے والے متوازن حالات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
چنانچہ نہ صرف فطرت کی آغوش میں پروش پانے والے جاندار و حیوانات بلکہ فوٹی گرافی کے شوقین دونوں ہی اِس ماحول کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔
