شرعان نیچرل ریزرو میں بہار کی آمد، صحرا میں زندگی کی نئی لہر
شرعان نیچرل ریزرو میں جنگلی حیات، پرندے اور غیرمعمولی مناظر موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
العلا کمشنری میں موسمِ بہار، شرعان نیچرل ریزرو میں تجدید کا پیغام لاتا ہے جبکہ حالیہ بارشوں نے صحرا کو زندگی کے رنگوں سے بھر دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شرعان نیچرل ریزرو میں سرسبز نباتات کی بہار ہے، پرندوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں اور جنگلی حیات کی نئی نسلیں بھی ظاہر ہوئی ہیں۔
جنگلی حیات اور قدرتی ورثہ ٹیم نے رائل کمیشن برائے العلا کے ریزرو میں عریبین سرخ لومڑی کے تین بچوں (عریبین ریڈ فاکس کٹس) کا مشاہدہ کیا ہے، ان کی موجودگی ایک صحت مند ماحولیاتی نظام کی مضبوط علامت ہے۔
درختوں پر انواع و اقسام کے پرندوں کے جھنڈ بھی دیکھے جا سکتے ہیں جس سے ماحول کی دلکشی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
اس طرح کا مشاہدہ ماحولیاتی نظام کی صحت اور توازن کی واضح علامت قرار دیا جاتا ہے جبکہ العلا کے شمال مغربی سمت میں قدرتی پناہ گاہوں کی بحالی اور حیاتیاتی تنوع کی واپسی کے لیے طویل المدتی منصوبوں پرعمل جاری ہے۔

عریبین سرخ لومڑی سخت صحرائی ماحول سے مطابقت رکھنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ شمالی نسلوں کے مقابلے میں نسبتاً چھوٹے حجم کی ہوتی ہے، اس کے پنجے بالوں سے بھرے ہوئے ہیں، جو اسے گرم ریت پر چلنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ اس کے بڑے کان رات کے وقت شکار کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔
سرخ لومڑی کے ان بچوں کی موجودگی اس نایاب نوع کی ابتدائی زندگی کی جھلک پیش کرتی ہے جو شرعان ریزرو کے فطری حسن میں اضافے کا باعث ہیں۔
بہار کا موسم شرعان ریزرو میں پرندوں کے لیے بھی عروج کا وقت ہوتا ہے، مقامی اور نقل مکانی کرکے آنے والے پرندے معتدل موسم اور تازہ نباتاتی ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

جنگلی حیات کے تحفظ کی ٹیم اور وزیٹرز نے یہاں سبز پروں اور نیلے رخسار والے دلکش پرندے، نارنجی مائل زرد آنکھوں والے صحرائی الو بھی دیکھے ہیں جو ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
قدرتی مناظر میں ہرنوں کا کردار بھی نمایاں ہے جن میں عربی غزال اپنے بچوں کے ساتھ ریزرو میں آزادانہ گھومتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ سب جنگلی حیات کے تحفظ ان منصوبوں کا حصہ ہیں جن میں عربی اوریکس اور نوبیئن آئی بیکس شامل ہے۔

شرعان نیچرل ریزرو جو عالمی ادارے آئی یو سی این کی گرین لسٹ میں شامل ہے، العلا کی چھ ریزرو میں سے ایک ہے۔ یہاں قدرتی مسکن، سائنسی تحقیق اور کم اثر رکھنے والی ماحولیاتی سیاحت مل کر خطے کے قدرتی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں۔

گھنے درخت، میلوں تک پھیلی گھاس، پودے اور جنگلی پھولوں سے مہکتی صحرا کی یہ بہار العلا میں ایک ایسا منفرد منظر پیش کرتی ہے جو اس خطے کی قدرتی زندگی اور انفرادیت کو اجاگر کرتی ہے۔
موسم بہار العلا کی سیاحت کے لیے بہترین وقت تصور کیا جاتا ہے، یہاں جنگلی حیات، پرندے اور غیرمعمولی مناظر موجود ہیں۔
