سعودی عرب کا سوڈان کے لیے مزید 145 ملین ڈالر امداد کا اعلان
سوڈان کے اتحاد،علاقائی سالمیت اور وسائل کے تحفظ کو ترجیح قرار دیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر عبدالکریم الخریجی نے بدھ کو سوڈان کے حوالے سے برلن کانفرنس میں شرکت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ’ سوڈان میں استحکام کا حصول، فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا، سوڈانی ریاستی اداروں کو تباہی سے بچانا، اس کے اتحاد، علاقائی سالمیت اور وسائل کا تحفظ مملکت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا ’بحران کے حل کے لیے سوڈانی قیادت سیاسی عمل کا آغاز کرے، جو قومی اداروں کو مضبوط بنائے اور ملک کی خود مختاری کا احترام کرے۔‘
سعودی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا’ مملکت، 11 مئی 2023 میں جاری ہونے والے جدہ اعلامیے کی بنیاد پر سوڈان میں تنازع کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
انہوں نے کہا’ اس تنازع کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہوئیں اور اب تک 11 ملین سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ سعودی عرب، سوڈانی عوام کےلیے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب اس سال سوڈان میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں کی سپورٹ کے لیے 145 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔‘
مملکت نے اپریل 2023 میں خانہ جنگی کا آغاز ہونے کے بعد سے اب تک تین ارب ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔
علاوہ ازیں سعودی نائب وزیر خارجہ سے برلن میں سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی، قطر اور جرمنی کے وزیر مملکت اور امریکی صدر کے سینیئر مشیر برائے عرب اور افریقی امور نے ملاقاتیں کیں۔
