Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابھا کا قدیم و تاریخی النصب ڈسٹرکٹ منفرد روایتی طرز تعمیر کا شاہکار

ڈسٹرکٹ میں انسانی زندگی اور مقامی ماحول کا گہرا تعلق نمایاں ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
عسیر ریجن میں ابھا شہر کا  قدیم و تاریخی النصب ڈسٹرکٹ غیرمعمولی روایتی طرز تعمیر اور قدیم تہذبیی ورثے کی نمایاں نشانیوں میں سے ایک ہے۔
یہ ڈسٹرکٹ طویل تاریخی پس منظر، منفرد طرزِ تعمیراور سماجی و ثقافتی شناخت کے باعث خصوصی اہمیت رکھتا ہے جہاں انسانی زندگی اور مقامی ماحول کا گہرا تعلق نمایاں ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس علاقے کی اہمیت منفرد تعمیراتی ساخت ہے۔ مٹی اور پتھروں سے تعمیر شدہ عمارتیں بصری ہم آہنگی کے ساتھ ایک دوسرے سے جڑی ہیں۔ انہیں مقامی مواد سے تعمیر کیا گیا تھا۔
تنگ گلیاں اور ایک دوسرے کے قریب بنی یہ عمارتیں اس ڈسٹرکٹ کو ایک مربوط سماجی کردار دیتی ہیں اور ماضی میں کمیونیٹیز کے ایک دوسرے سے قریبی تعلق کی عکاس ہیں۔
ہیریٹج کمیشن نے اس تاریخی ڈسٹرکٹ کی بحالی کے لیے ایک جامع منصوبہ مکمل کیا ہے جس کے تحت عمارتوں کے اصل خدوخال کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے دوبارہ آباد کیا گیا۔ یہ اقدام قومی سطح پر ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسے سیاحتی و ثقافتی مرکز بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

النصب ڈسٹرکٹ میں تقریباً 21 تاریخی عمارتیں ہیں جن کی بلندی ایک سے تین منزلوں تک ہے۔ یہ عمارتیں مقامی خام مواد سے تعمیر کی گئی ہیں اور ان کی بنیادیں دو سے تین میٹر تک بلند ہیں۔
پتھریلی ساخت رکھنے والی بنیادوں پر مٹی کی دیواریں ہیں، پتھروں کی متوازن قطاریں ان عمارتوں کے اگلے حصے کی نمایاں خوبصورتی ہیں۔
یہ ڈسٹرکٹ قدرتی حسن سے بھی مالا مال ہے جو وادی ابھا اور زرعی زمینوں کے کنارے واقع ہے جس سے اسے منفرد جمالیاتی اور بصری اہمیت حاصل ہوتی ہے۔

بحالی کے منصوبے کے تحت پتھر اور مٹی کی دیواروں کی مرمت، بنیادی ڈھانچے کی تجدید، روایتی لکڑی کے دروازوں اور کھڑکیوں کی بحالی، نکاسی آب کے نظام، روشنی کے انتظامات اور راستوں کو بنایا گیا ہے۔
منصوبے میں 3000 مربع میٹر سے زائد پتھریلے فرش، 3 ہزار مربع میٹر دیواروں کی مرمت، 4500 مربع میٹر سے زیادہ چکنی مٹی کا پلستر اور 20 سے زائد عمارتوں کی بیرونی سمت تزئین کی گئی جبکہ ایک ہزار میٹر سے زائد بنیادی سہولتوں کا نیا نیٹ ورک بھی قائم کیا گیا۔

اس تاریخی ڈسٹرکٹ کو ماضی میں شدید بارشوں اور موسمی اثرات کے باعث نقصان پہنچا تاہم ماہر ٹیموں نے حفاظتی اقدامات، عارضی چھتوں کی موثر بندش، نکاسی آب کے نظام اور متاثرہ حصوں کی مرمت کے ذریعے اس تاریخی مقام کو محفوظ بنایا۔
یہاں ایک قدیم تاریخی مسجد النصب بھی واقع ہے جسے سال ہجری 1101 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ مسجد 281 مربع میٹر رقبے پر ہے اور اس کو سعودی ولی عہد کے منصوبے برائے قدیم مساجد کی بحالی کے تحت بحال کیا گیا۔

 

شیئر: