Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کا پشاور میں اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا فیصلہ

امریکی محکمۂ خارجہ نے پاکستان کے شہر پشاور میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے اپنے قونصل خانے کو مرحلہ وار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
منگل کو محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق قونصلیٹ کے سفارتی عملے کی سلامتی کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانہ اب صوبہ خیبر پختونخوا سے متعلق تمام سفارتی مصروفات کو دیکھے گا۔
محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ ہمارے سفارتی عملے کی حفاظت اور وسائل کے مؤثر انتظام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
اگرچہ ہماری پشاور میں موجودگی میں تبدیلی واقع ہو رہی ہے، لیکن پاکستان میں ہماری پالیسی ترجیحات برقرار رہیں گی۔ ہم خیبر پختونخوا کے عوام اور حکام کے ساتھ اپنے بامعنی روابط جاری رکھیں گے تاکہ معاشی تعلقات کو مضبوط بنایا جا سکے،علاقائی سلامتی کو فروغ دیا جا سکے اور امریکی عوام کے مفادات کو آگے بڑھایا جا سکے۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں امریکی مشن اور اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں موجود اپنے دیگر سفارتی دفاتر کے ذریعے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں شدت پسندی کے واقعات اکثر رپورٹ ہوتے رہتے ہیں جبکہ صوبے کی سرحد افغانستان سے ملتی ہے جہاں اس وقت پاکستان کی افغان طالبان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اس سے پہلے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے نتیجے میں ایرانی سپریم لیڈر کی موت کے بعد مظاہرین کراچی میں امریکی قونصل خانے میں داخل میں کامیاب ہو گئے تھے اور اس واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 
 

شیئر: