ترک صدر اردوغان سے انقرہ میں سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات
شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام دیا (فوٹو: ایس پی اے)
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے بدھ کو انقرہ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا خیرمقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام دیا، ترکیہ کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کا جائزہ، خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کےلیے تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترک ہم منصب ہاکان فیدان نے انقرہ میں سعودی، ترک رابطہ کونسل کے تیسرے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے اور کونسل کا چوتھا اجلاس متفقہ تاریخ پر سعودی عرب میں منعقد ہونے کی توقع ظاہر کی۔

اس سے قبل سعودی اور ترک وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ ہولڈرز کےلیے ویزے کی شرائط سے باہمی استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط کیے۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ سعودی، ترک رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لیے انقرہ پہنچے تھے۔
رابطہ کونسل کا اجلاس دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے فریم ورک کے اندر منعقد ہوا ہے۔
