’دونوں فریق معاہدے کے قریب‘، امریکہ کی نئی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں: ایران
’دونوں فریق معاہدے کے قریب‘، امریکہ کی نئی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں: ایران
بدھ 6 مئی 2026 21:36
امریکہ اور ایران نئی مفاہمتی یادداشت پر متفق ہونے کے قریب ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ایران نے کہا oy کہ وہ امریکہ کی نئی پیش کش کا جائزہ لے رہا ہے، جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران ایک صفحے پر مشتمل مفاہمتی یادداشت پر متفق ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس کا مقصد خلیج میں جاری جنگ کا خاتمہ ہے، جبکہ ایران کے جوہری پروگرام جیسے پیچیدہ معاملات کو بعد کے لیے چھوڑ دیا جائے گا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے آئی ایس این اے نے ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا بیان نقل کیا ہے کہ ایران جلد اپنا جواب پاکستان کے ذریعے پہنچائے گا۔ پاکستان نے اس جنگ کے واحد امن مذاکرات کی میزبانی کی ہے اور تب سے دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات کی ترسیل کا مرکزی ذریعہ بنا ہوا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ ’ہم ایسے لوگوں سے معاملہ کر رہے ہیں جو معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، اور ہم دیکھیں گے کہ آیا وہ ہمارے ساتھ قابلِ قبول معاہدہ کر سکتے ہیں یا نہیں۔‘
ایک پاکستانی ذریعے اور ثالثی کے عمل سے باخبر ایک اور ذریعے نے امریکی میڈیا ادارے ایکسیوس کی اس رپورٹ کی تصدیق کی، جس میں 14 نکات پر مشتمل ایک صفحے کی مفاہمتی یادداشت کی تجویز دی گئی ہے، جو باضابطہ طور پر جنگ کے خاتمے کا سبب بنے گی۔
ذرائع کے مطابق، اس یادداشت کے بعد آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی کی بحالی، ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے خاتمے، اور ایران کے جوہری پروگرام پر عائد پابندیوں کے حوالے سے مذاکرات کیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی ذریعے نے کہا کہ ’ہم بہت جلد یہ معاملہ طے کر لیں گے، ہم حل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔‘
ایران کے خلاف صدر ٹرمپ کے اتحادی اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہونے کہا کہ وہ اور ٹرمپ بدھ کے روز بعد میں اس بارے میں بات کریں گے اور ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ایران سے تمام افزودہ یورینیم ہٹا دیا جانا چاہیے تاکہ وہ ایٹمی ہتھیار تیار نہ کر سکے۔
ایران اس بات کی تردید کرتا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کرنا چاہتا ہے۔