آبنائے ہرمز میں پروجیکٹ فریڈم روکنے پر صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں: وزیراعظم شہباز شریف
شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا ’مثبت ردعمل امن، استحکام اور مفاہمت کو آگے بڑھانے میں دور رس اثرات مرتب کرے گا۔‘ (فوٹو: وزارت خارجہ)
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے آبنائے ہرمز میں کارروائی روکنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’موجودہ پیش رفت ایک دیرپا معاہدے کی طرف لے جائے گی۔‘
بدھ کو ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے جرأت مندانہ قیادت اور بروقت اعلان کے ذریعے آبنائے ہرمز میں پروجیکٹ فریڈم کو روکنے کا فیصلہ کیا۔‘
واضح رہے کہ امریکی صدر نے پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر اعلان کیا ہے کہ امریکہ وقتی طور پر آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کی کوشش روک رہا ہے تاکہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے اور معاہدے کے لیے وقت مل سکے۔
منگل کی شام ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ ’یہ اقدام پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر، ایران کے خلاف فوجی کامیابیوں اور مذاکرات میں نمایاں پیش رفت کے باعث کیا گیا ہے۔ ایران کے نمائندوں کے ساتھ مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ درخواست پر مثبت ردعمل، اس نازک وقت میں خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کو آگے بڑھانے میں دور رس اثرات مرتب کرے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان پُرعزم ہے کہ وہ ہر اُس کوشش کی حمایت کرے گا جو تحمل، مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دیتی ہے۔ ہمیں پُر امید ہے کہ موجودہ پیش رفت ایک دیرپا معاہدے کی طرف لے جائے گی جو خطے اور اس سے آگے کے لیے پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنائے۔‘
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں کو نکالنے میں مدد کا آغاز کرے گا جبکہ ایک ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا تھا کہ اس اہم گزرگاہ میں کسی بھی امریکی ’مداخلت‘ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔
