سعودی عرب نے بحرین کی جانب سے قومی سلامتی کی منافی سرگرمیوں کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ نے سنیچر کو ایک بیان میں ملک کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا مقابلہ کرنے پر بحرین کی سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔
بحرین کی وزارتِ داخلہ نے سنیچر کہا تھا کہ ملک کی سکیورٹی سروسز نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے تعلق کے الزام میں ایک تنظیم کے 41 مشتبہ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
بحرینی وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ سکیورٹی حکام نے مبینہ طور پر ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) سے منسلک 41 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں نے ایک ایسے گروپ کا سُراغ لگایا جس کے ایران کی پاسداران انقلاب فورس سے روابط تھے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پبلک پراسیکیوٹر کی تحقیقات میں ایران کے حملوں کی حمایت اور ہمدردی سے متعلق مقدمات بھی شامل رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران نے 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جنگ شروع کیے جانے کے بعد بحرین سمیت خلیجی عرب ممالک میں اہداف کو نشانہ بنایا تھا جہاں امریکہ کے فوجی اڈے موجود ہیں۔