Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی دفاع ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے: متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اس کا فضائی دفاع ایران سے بھیجے گئے میزائلوں اور ڈرونز کا مقابلہ کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اماراتی وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ ’ملک کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں، کروز میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں آوازیں سنائی دیں۔‘
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا منگل کو جاری کیے گئے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’یہ میزائل اور ڈرونز ایران کی جانب سے آئے تھے۔‘
یہ الرٹ متحدہ عرب امارات پر ایران کے 12 بیلسٹک میزائلوں، تین کروز میزائلوں اور چار ڈرونز کے حملے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
اماراتی حکام نے بتایا کہ ’ڈرون حملے کے نتیجے میں فجیرہ آئل انڈسٹری زون میں آگ لگی گئی اور وہاں موجود تین افراد زخمی ہوئے۔‘
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ حملے ایک ’خطرناک جارحیت‘ تھی اور اُن کا ملک اس کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
 واضح رہے کہ آٹھ اپریل کو ایران اور امریکہ کے درمیان عارضی جنگ بندی کے بعد پیر کو متحدہ عرب امارات پر ایران کی جانب سے کیا جانے والا یہ پہلہ حملہ تھا۔
ایران کے اِن حملوں کی مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران اِن حملوں کی مذمت کی۔
 

شیئر: