’ریڈ سِی سوق‘ فلم پروجیکٹ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا اعلان
فیسٹیول کی سرگرمیوں کا آغاز جدہ سے ہوگا جو تین دسمبر کو شروع ہوں گی( فوٹو: ایس پی اے)
ریڈ سِی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے ’ریڈ سِی سوق‘ فلم پروجیکٹ سے وابستہ پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ پروگرام، تخلیقی پیلٹ فارم کے طور پر کام کرتے ہوئے عرب دنیا، ایشا اور افریقہ میں فلمی صنعت کو تعاون فراہم کرے گا۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی سرگرمیوں کا آغاز جدہ سے ہوگا جو تین دسمبر کو شروع ہوں گی اور بارہ دسمبر تک جاری رہیں گی۔
فیسٹیول کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ’ریڈ سِی سوق‘ ایسی تمام فلمی منصوبوں کے لیے درخواستیں وصول کرے گا جن کی تیاری کا آغاز ہو چکا ہے یا وہ تیاری کے مراحل سے گزر رہی ہیں یا پھر ان کی تکمیل ہو چکی ہے لیکن نمائش سے پہلے ان کی نوک پلک سنواری جا رہی ہے۔
فیسٹیول کے پروجیکٹ کی مارکیٹ سے متعلق سرگرمیاں پانچ سے نو دسمبر تک جاری رہیں گی جس میں فلم ساز، فلموں پر سرمایہ کاری کرنے والے، فلموں کی فروخت سے وابستہ افراد، سیلز ایجنٹ اور عالمی فلمی صنعت کے فیصلہ ساز شرکت کریں گے۔

یہ پروگرام، فلم سازوں کو نقد اور دیگر انعامات حاصل کرنے کے لیے مقابلے اور بین الاقوامی فلم سازی اور مالی معاونت دینے والے اداروں کے سامنے اپنے منصوبے پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اس سہولت کی وجہ سے فلم سازی کی امکانات اور آزادانہ فلمیں بنانے کے موقعے بڑھ جاتے ہیں اور عالمی مارکیٹس میں ایسی فلموں کی موجودگی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
ریڈ سی انٹرینشینل فلم فیسٹیول نے اُن منصوبوں کو جمع کرانے کی آخری تاریخ گیارہ جون مقرر کی ہے جو پہلے ہی سے پروڈکشن کے مراحل میں ہیں۔ تاہم جن پروجیکٹس پر کام جاری ہے، انہیں 24 جولائی تک قبول کیا جائے گا۔
