مدینہ ایئرپورٹ پر جمہوریہ بنین کے عازمین حج کا استقبال
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے جمہوریہ بنین سے آنے والے عازمین حج کا استقبال کیا (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے حج کے لیے جمہوریہ بنین سے آنے والے عازمین حج کا استقبال کیا اور ان کے داخلے کی کارروائیوں کو نہایت تیزی اور توجہ کے ساتھ پورا کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ڈائریکٹوریٹ نے اس بات کی یقینی دہانی کروائی کہ وہ حج سیزن کے لیے اس سال آنے والے عازمین کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور تمام تر ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے داخلی کارروائیوں کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس سلسلے میں تمام فضائی، زمینی اور بحری بین الاقوامی گزرگاہوں پر قائم سروس ٹرمینلز کو جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے جہاں مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والا عملہ تعینات ہے جو اس بات کی یقین دہانی کروا رہا ہے کہ عازمین حج کے ساتھ رابطہ بہتر ہو اور اُن کا تجربہ اچھا رہے۔
