سعودی عرب اور سپین کے درمیان سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل اور ویزے سے استثنی کا معاہدہ
وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی بات کی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور سپین نے بدھ کو سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
یہ کونسل دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، توانائی، دفاعی اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گی۔
ایس پی اے کے مطابق دونوں ملکوں نے سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرائط سے باہمی استثنیٰ کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے میڈرڈ میں سپینش ہم منصب جوزے مینویل الباریز سے ملاقات کی۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور انہیں سٹرٹیجک شراکت داری تک پہنچانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی بات کی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری، غزہ، ایران اور لبنان میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔علاقائی و بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتی حل کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔
بات چیت میں آبنائے ہرمز میں فریڈم آف نیویگیشن اور سکیورٹی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
سپین نے بلاجواز ایرانی حملوں کی مذمت کی، سعودی عرب، جی سی سی کے ممالک اور اردان کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان دورہ برطانیہ کے بعد ایک روزہ سرکاری دورے پر میڈرڈ میں ہیں۔
