Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برمنگھم ٹیسٹ: رضااللہ کے 9 چھکے، پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف

دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے (فوٹو: گیٹی)
برمنگھم ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
جمعے کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے رضااللہ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو چھکوں اور چار چوکوں کے ساتھ 81 رنز بنائے اور ٹیسٹ ڈیبیو پر سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ٹم ساؤتھی کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
اس سے قبل جمعرات کو برمنگھم میں دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے جبکہ انگلینڈ کو 268 رنز کی برتری حاصل تھی۔
کھیل کے اختتام پر پاکستان کی جانب سے اذان اویس 31 اور شان مسعود 29 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہو گئے تھے۔

تیسرا روز 

پاکستان نے کھیل کا آغاز 52 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ اذان اویس اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور سکور کو 100 سے آگے پہنچایا۔
اذان اویس 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شان مسعود سنچری سے صرف پانچ رنز کی دوری پر 95 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ شان مسعود کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے۔
اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 76 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 11 چوکے اور ایک چھکا لگایا، تاہم وہ 278 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
رضاء اللہ نے نچلے نمبروں پر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ٹم ساؤتھی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
محمد عباس نے بھی 42 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
محمد عباس کے آؤٹ ہونے کے بعد رضاء اللہ بھی 81 رنز پر آؤٹ ہوگئے، جبکہ محمد علی چار رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن نے تین، اولی رابنسن اور جوش ٹونگ نے دو، دو جبکہ جوفرا آرچر اور ڈین لارنس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود، بابر اعظم اور رضاء اللہ کی نمایاں اننگز نے ٹیم کو اننگز کی شکست سے محفوظ کیا۔

انگلینڈ کی پلیئنگ الیون

انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں بین ڈکٹ، ایمیلیو گے، جارڈن کاکس، کپتان جو روٹ، ہیری بروک، ڈین لارنس، جیمی سمتھ (وکٹ کیپر)، گس اٹکنسن، جوفرا آرچر، اولی رابنسن اور جوش ٹنگ شامل ہیں۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، اذان اویس، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابر اعظم، سعود شکیل، غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد عمران، رضاأ اللہ، محمد عباس اور محمد علی شامل ہیں۔

شیئر: