ریاض میں عالمی میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی سمٹ کا انعقاد
سمٹ میں دنیا بھر سے طبی سائنس، بائیو ٹیکنالوجی، تحقیق، سرمایہ کاری اور ادویہ سازی کے شعبوں سے وابستہ ماہرین اور رہنما شرکت کریں گے (فائل فوٹو)
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ سرپرستی سعودی عرب میں طبی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے فروغ کے لیے ریاض عالمی میڈیکل بایوٹیکنالوجی سمٹ کی میزبانی کرے گا۔
چوتھے ریاض گلوبل میڈیکل بایوٹیکنالوجی سمٹ کا انعقاد 14 سے 16 ستمبر تک ہوگا جس میں دنیا بھر سے طبی سائنس، بائیو ٹیکنالوجی، تحقیق، سرمایہ کاری اور ادویہ سازی کے شعبوں سے وابستہ ماہرین اور رہنما شرکت کریں گے۔
سمٹ کا مقصد طبی بائیو ٹیکنالوجی میں جدید تحقیق، اختراعات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ سعودی عرب کو عالمی بائیو ٹیکنالوجی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق سمٹ میں ویکسینز، بایو مینوفیکچرنگ، جین اور سیل تھراپی، جینومکس، پریسیژن میڈیسن اور بائیو ٹیکنالوجی میں مصنوعی ذہانت سمیت اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ریاض میں ہونے والا یہ عالمی اجتماع سعودی عرب کی قومی بائیو ٹیکنالوجی حکمت عملی اور وژن 2030 کے تحت صحت، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
