بلوچستان: بارکھان آپریشن میں میجر اور 4 اہلکار جان سے گئے، 7 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں دہشت گردوں کے خلاف ایک آپریشن میں حصہ لیا۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں انڈین حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے سات دہشت گرد مارے گئے۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید جھڑپ میں پاک فوج کے فیلڈ افسر میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی سہیل احمد، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی محمد ایاز شہید ہوگئے۔‘
اس حوالے سے آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‘
’آپریشن انڈین سرپرستی میں چلنے والی تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے گروہ کا سُراغ لگا کر اُس کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔‘
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ’دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔‘
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں عسکریت پسندوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
