جدہ میں ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کونسل کی تقریب، عازمین حج کی خدمات کے تعاون کی یقین دہانی
اس تقریب میں یونیورسٹی میں کوڈ لیب کا دورہ کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کونسل (کوڈ) نے جدہ میں دارالحکمہ یونیورسٹی میں وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ کی میزبانی کی جہاں وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عبداللہ السواحہ سمیت مکہ ریجن کے کئی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق کونسل نے حج اور عمرہ کے تجربات کو بہتر بنانے اور عازمین کو سروسز کا معیار بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل سلوشنز کے استعمال پر بات کی۔
اس کے ساتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے نئے سٹارٹ اپس کی مدد کرنے اور انہیں بڑے پیمانے پر کام کرنے والے جدید طریقے تیار کرنے کے قابل بنانے پر زور دیا گیا۔
اس تقریب میں یونیورسٹی میں کوڈ لیب کا دورہ کیا گیا جہاں نئے کاروباری افراد اور سٹارٹ اپس کی جانب سے حج، عمرہ اور زائرین کی سہولت کے لیے تیار کردہ ڈیجیٹل ایجادات اور ٹیکنالوجی کے ماڈلز کی نمائش کی گئی۔
کونسل نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ نئے کاروبار شروع کرنے والوں اور سرمایہ کاروں کو حج و عمرہ میں موجود بہترین مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ ایسے جدید کاروباری ماڈل ایجاد ہوں جو ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کو سپورٹ کریں اور عازمین کو دی جانے والی سروسز میں جدت کو بڑھائیں۔
