Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے 15 لاکھ عازمین ارضِ مقدس پہنچ چکے، میجر جنرل المربع

بحری راستے سے آنے والے عازمین کی تعداد 6 ہزار 400 رہی (فوٹو، ایس پی اے)
محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ میں حج ٹاسک فورس کے کمانڈر میجر جنرل صالح المربع کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے 15 لاکھ عازمین ارضِ مقدس پہنچ چکےہیں۔
اخبار 24 کے مطابق حج سیکیورٹی فورس کی جانب سے مکہ مکرمہ میں امورحج کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل المربع کا مزید کہنا تھا کہ فضائی ذریعے سے آنے والے عازمین کی تعداد 14 لاکھ 71 ہزار، جبکہ بری راستوں سے 45 ہزار سے زائد اور سمندری ذریعے سے آنے والوں کی تعداد  6 ہزار400 رہی۔
’مکہ روٹ‘ انیشیٹیو کے حوالے سے میجر جنرل المربع کا کہنا تھا کہ سالِ رواں 10 ممالک سے ’مکہ روٹ‘ انیشیٹیو کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جن میں مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا ، پاکستان ، بنگلہ دیش ، ترکیہ ، آئیوری کوسٹ، مالدیپ ، سینیگال اور برونائی دارالسلام شامل ہیں۔
کمانڈر حج ٹاسک فورس برائے جوازات کا مزید کہنا تھا کہ جدید ترین تکنیکی آلات کے استعمال سے عازمین کو بہتر اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جس سے نہ صرف وقت کی بچت  بلکہ معیار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

شیئر: