کرینہ، عالیہ اور دیپیکا کے سٹائل کی نقل کا دور ختم؟ کرن جوہر کا انکشاف
کرن جوہر نے رواں برس میٹ گالا میں بھی پہلی بار شرکت کی (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کے معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ فیشن کے رجحانات مکمل طور پر بدل چکے ہیں اور اب لوگ فلمی ستاروں کی نقل کرنا پسند نہیں کرتے۔
ایک وقت تھا جب بالی ووڈ انڈین فیشن کا سب سے بڑا مرکز سمجھا جاتا تھا۔
لوگ فلمی ہیروز جیسے بیل باٹم پینٹس، بالوں کے سٹائل اور اداکاراؤں کے پہنے ہوئے ساڑھی اور سوٹس کی نقل کرواتے تھے، مگر اب صورتحال مختلف ہو چکی ہے۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کرن جوہر نے کہا کہ ’ماضی میں اگر کوئی لباس کسی بالی وڈ سٹار نے پہن لیا تو وہ فوراً فیشن ٹرینڈ بن جاتا تھا لیکن اب لوگ یہی سوچتے ہیں کہ یہ تو پہلے ہی کرینہ کپور، عالیہ بھٹ یا دیپیکا پاڈوکون پہن چکی ہیں، ہم کیوں پہنیں؟‘
کرن جوہر کے مطابق آج کل لوگ کسی سیلیبرٹی کی کاپی نظر آنا نہیں چاہتے بلکہ ہر شخص اپنی الگ شناخت اور انفرادیت قائم رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اب فیشن کی دنیا میں انفرادیت سب سے اہم چیز بن چکی ہے اور لوگ ایسے کپڑے یا انداز اپنانا چاہتے ہیں جو منفرد ہوں اور پہلے کسی پر نہ دیکھے گئے ہوں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’لگژری فیشن کے خریدار اب ذاتی نوعیت کا تجربہ چاہتے ہیں۔ لوگ ڈیزائنرز سے کہتے ہیں کہ انہیں وہ لباس نہ دیا جائے جو پہلے کسی مشہور شخصیت نے پہنا ہو۔ ہر گاہک چاہتا ہے کہ اس کے لیے خاص طور پر منفرد ڈیزائن تیار کیا جائے تاکہ وہ خود کو دوسروں سے مختلف محسوس کر سکے۔‘
کرن جوہر نے کہا کہ ’آج کل صارفین کا رویہ یہ ہے کہ اگر وہ بڑی رقم خرچ کر رہے ہیں تو بدلے میں انہیں کچھ ایسا ملنا چاہیے جو دوسروں کو نہ دیا گیا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ اب فیشن انڈسٹری میں ایکسکلوسیوٹی اور پرسنلائزڈ سٹائل کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔‘
واضح رہے کہ کرن جوہر نے اس سال میٹ گالا میں بھی پہلی بار شرکت کی، جہاں انہوں نے منیش ملہوترا کا تیار کردہ خصوصی لباس پہنا، جس میں راجا روی ورما کے فن سے متاثر ڈیزائن شامل تھے۔
