Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدالت کا منی لانڈرنگ کیس میں جیکلین فرنینڈز پر فردِ جُرم عائد کرنے کا حکم

دو سو ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم سکیش چندرشیکھر کئی برسوں سے جیل میں قید ہیں (فائل فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت نے سنیچر کو بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنینڈز، مبینہ نوسرباز سکیش چندرشیکھر اور دیگر 15 افراد کے خلاف 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں فردِ جُرم عائد کرنے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج پرشانت شرما نے کہا کہ ’بادی النظر میں ریکارڈ پر موجود مواد تمام ملزمان کے خلاف کارروائی آگے بڑھانے کے لیے کافی ہے۔‘
ان کے مطابق ’ملزمان کے خلاف انسدادِ منی لانڈرنگ قانون کی دفعہ 3 کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا، جس کی سزا پی ایم ایل اے کی دفعہ 4 کے تحت دی جاتی ہے۔‘
استغاثہ کے مطابق ’سکیش چندر شیکھر جیل کے اندر سے ایک منظم جرائم کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ وہ خود کو وزیرِاعظم آفس، وزارتِ داخلہ اور وزارتِ قانون کا سینیئر افسر ظاہر کرکے لوگوں کو دھوکہ دیتے تھے اور اُن سے رقم وصول کرتے تھے۔‘
ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ رقم بینک اکاؤنٹس، حوالہ چینلز، کیش ڈیلیوری اور جعلی اداروں کے ذریعے منتقل کی گئی۔
ایجنسی کے مطابق ’تحقیقات میں موبائل فونز، واٹس ایپ چیٹس، ٹیلیگرام پیغامات، جعلی کال ریکارڈز، فورینزک رپورٹس اور بینک ٹرانزیکشنز سمیت متعدد ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔‘
ایجنسی نے اپنی ضمنی چارج شیٹ میں یہ بھی الزام لگایا کہ اداکارہ جیکلین فرنینڈز، سکیش چندرشیکھر کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھیں اور انہوں نے اُن سے قیمتی تحائف بھی وصول کیے، جو مبینہ طور پر پنکی ایرانی کے ذریعے اُن تک پہنچائے گئے تھے۔
اس حوالے سے تفتیش کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جیکلین فرنینڈز کو متعدد بار طلب بھی کیا جا چکا ہے۔

کیس کی تفتیش کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جیکلین فرنینڈز کو متعدد بار طلب بھی کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دہلی پولیس نے مبینہ فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم سکیش چندرشیکھر کو 2017 میں ایک بڑے فراڈ اور بھتہ خوری کے الزام میں باضابطہ طور پر گرفتار کیا تھا۔ 
بعد ازاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بھی 2021 میں انہیں گرفتار کر کے نئی دہلی کی تہاڑ جیل منتقل کردیا۔ 
جیکلین فرنینڈز نے الزام لگایا ہے کہ سُکیش چندرشیکھر مختلف حربے استعمال کر کے اُنہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اداکارہ نے سکیش چندرشیکھر کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے قانونی بزنس مین ہونے کا بتا کر مجھے دھوکہ دیا تھا۔
بالی وڈ اداکارہ نے 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں سکیش چندرشیکھر کے خلاف دہلی کے سپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) کے پاس ایک شکایت بھی درج کروا رکھی ہے۔
اس شکایت میں اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سُکیش چندرشیکھر اُنہیں جیل سے ہراساں کر رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں۔

شیئر: