’میسی کی طرف اشارہ تھا‘، امیتابھ بچن نے اپنی علامتی پوسٹ کی وضاحت کر دی
’میسی کی طرف اشارہ تھا‘، امیتابھ بچن نے اپنی علامتی پوسٹ کی وضاحت کر دی
بدھ 22 جولائی 2026 10:52
اداکار نے ’سرجری اور ہسپتال‘ کا ذکر کیا تھا جس پر ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں (فوٹو: اے این آئی)
سینیئر بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کی اس پوسٹ نے فینز کو پریشانی میں ڈال دیا جس میں سرجری، ہسپتال اور صحت کے حوالے سے بات کی گئی تھی اور ایسی افواہیں پھیل گئی تھیں کہ شاید وہ بیمار ہیں۔
تاہم اب اداکار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے علامتی طور پر بات کی تھی جس کو غلط سمجھا گیا اور وہ فیفا ورلڈ کپ کے بارے میں تھی۔
ٹریبیون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق چند روز پیشتر ایک پوسٹ میں سپر سٹار نے ہسپتال میں داخل ہونے، آئی سی یو اور گھر واپسی کے اشارے دیے تھے۔
اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگی اور ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں بھی ہونے لگیں۔
تاہم اب اپنے بلاگ پوسٹ میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ الفاظ ورلڈ کپ میں ارجنٹیا کی ہار کی مناسبت سے استعال کیے گئے تھے۔
انہوں نے فینز کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
’میں ٹھیک ہوں مگر میری پوسٹ کو درست طور پر سمجھا نہیں گیا، میں نے صرف مثال دی تھی اور کہا تھا کہ سرجری یا آئی سی یو کے بعد مشکل ترین وقت وہ ہوتا ہے جب آپ گھر لوٹتے ہیں اور آپ کو چند روز کمزوری کا سامنا رہتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب ایک چیمپیئن ہارتا ہے تو اس کے بعد کا وقت بھی کافی مشکل ہوتا ہے۔‘
فائنل ہارنے کے بعد لیونل میسی کافی اداس دکھائی دیے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس میں ارجنٹینا کے لیونل میسی کی طرف اشارہ تھا کیونکہ ان کی ٹیم ہار گئی تھی مگر لوگوں نے یہ سمجھ لیا کہ شاید میں اپنا ذکر کر رہا ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر چیمپیئن کو یہ ادراک ہونا چاہیے کہ آنے والے وقت میں کوئی اور چیمپیئن ہو گا لیکن کسی بھی چیمپیئن کے لیے یہ حقیقت قبول کرنا مشکل ہوتا ہے کہ کسی اور نے اس کی جگہ لے گی ہے لیکن یہی زندگی ہے اور یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔‘
امیتابھ بچن نے سرجری کے بعد جسم کی بحالی کے عمل کو ارجنٹینا کے دوبارہ فعال ہونے کے لیے مثال کے طور پر بیان کیا تھا۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’انسانی جسم حیرت انگیز ہے، یہ خود کو حالات کے مطابق ڈھال لیتا ہے اور دوبارہ کام کرنے لگتا ہے اور ہارنے والے چیمپیئن کو بھی ایسے ہی احساسات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن مضبوط لوگ ہمت نہیں ہارتے وہ ڈٹ کر مقابل کرتے ہیں جیسے مناسب علاج اور محنت کے بعد جسم دوبارہ نتائج دینا شروع کرتا ہے۔‘
اس سے قبل ایک پوسٹ میں امیتابھ بچن نے لکھا تھا کہ ’ہسپتال میں جانے کے بعد سرجری اور پھر آئی سی یو ڈاکٹروں کے درمیان وقت اور پھر گھر واپسی۔‘
اور یہی وہ پوسٹ تھی جس کو درست طور پر سمجھا نہیں گیا۔
امیتابھ بچن آخری بار فلم ’کالکی 2898 اے ڈی‘ میں دکھائی دیے تھے جس کو ناگ ایشون نے ڈائریکٹ کیا تھا اور باقی سٹاف میں پرابھاس، دیپکا پاڈوکون اور کمل ہاسن نے بھی فن کے جوہر دکھائے ہیں۔