Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی نجی جزیرے پر شادی، اہلیہ تھیا بوئسن کون ہیں؟

ایلن زیپیڈادنیا کے معروف یوٹیوبر اور کانٹینٹ کریئیٹر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی کانٹینٹ کریئیٹر تھیا بوئسن سے شادی کر لی ہے۔
پیپل میگزین کے مطابق دونوں کی شادی برطانوی ورجن آئی لینڈز میں واقع رچرڈ برانسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر ایک نجی تقریب میں ہوئی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ سمیت تقریباً 70 افراد نے شرکت کی۔
پیپل میگزین کے مطابق، شادی کی تقریبات کا آغاز 14 جولائی سے ہوا اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والی ان تقریبات میں مہمانوں نے جزیرے پر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا، جن میں کائٹ سرفنگ، سنورکلنگ اور جزیرے پر موجود لیمرز اور فلیمنگوز کو خوراک کھلانا بھی شامل تھا۔
تقریبات کے اختتام پر دونوں نے شادی کی رسومات ادا کیں۔
شادی پر کیا خصوصی انتظامات کیے گئے تھے؟
دلہن تھیا بوئسن نے نکول اور فیلیشیا کوچر کا تیار کردہ خصوصی عروسی لباس زیب تن کیا، جبکہ مسٹر بیسٹ نے رالف لارین کا ٹکسڈو پہنا۔
تھیا بوئسن کی برائیڈل روب بانکے کوکو نے تیار کی، ان کا میک اپ لولاز بیوٹی مارک نے کیا، بال مائیکی لو نے ترتیب دیے، جبکہ ان کے مجموعی انداز کی ذمہ داری سٹائلسٹ جیریمی نوئگ نے سنبھالی۔ شادی کی تقریبات کی منصوبہ بندی معروف ایونٹ پلانر مارسی بلم نے کی، جبکہ موسیقی اور تفریح کا انتظام آن دی موو انٹرٹینمنٹ نے کیا۔

دونوں کی شادی برطانوی ورجن آئی لینڈز میں واقع رچرڈ برانسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر ہوئی۔ (فوٹو: سکائلر ڈیویز)

شادی کی تقریب کے بعد نوبیاہتا جوڑے نے استقبالیہ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنا پہلا رقص لیڈی گاگا اور برونو مارس کے گانے ڈائی وِد اے سمائل پر کیا۔ بعد ازاں مہمانوں نے لائیو بینڈ کی موسیقی پر رقص کیا، جبکہ رات گئے مرکزی رہائش گاہ میں تقریبات کا سلسلہ جاری رہا، جہاں تھیا بوئسن کے مطابق زیادہ تر وقت تاش اور بورڈ گیمز جیسے  کھیل کھیلے گئے۔
استقبالیے میں مہمانوں کی تواضع سوشی، واگیو بیف، مختلف اقسام کی مچھلی اور دیگر کھانوں سے کی گئی، جبکہ شادی کے کیک کے لیے کیرٹ کیک کا انتخاب کیا گیا، جو تھیا بوئسن کا پسندیدہ  ہے۔

شادی کے کیک کے لیے کیرٹ کیک کا انتخاب کیا گیا، جو مسٹر بیسٹ کی اہلیہ کی پسند ہے۔ (فوٹو: ایلن زیپیڈا)

مسٹر بیسٹ اور ان کی اہلیہ کی پہلی ملاقات
پیپل میگزین کے مطابق، مسٹر بیسٹ اور تھیا بوئسن کی پہلی ملاقات 2022 میں اس وقت ہوئی جب جمی ڈونلڈسن جنوبی افریقہ کے دورے پر تھے۔ ایک مشترکہ دوست نے انہیں عشائیے پر متعارف کرایا۔
تھیا بوئسن نے پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر حیران رہ گئی تھیں کہ مسٹر بیسٹ کتنے سادہ مزاج اور ذہین انسان ہیں۔
انہوں نے کہا، ’میں سمجھتی تھی کہ یوٹیوبرز صرف ایک شخصیت کا تاثر پیش کرتے ہیں، لیکن جب میں ان سے ملی تو معلوم ہوا کہ وہ واقعی بہت اچھے انسان ہیں، ان میں کسی قسم کا غرور نہیں تھا۔‘

دونوں کی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقہ میں ہوئی۔ (فوٹو: تھیا بوئسن)

مسٹر بیسٹ نے بتایا کہ پہلی ملاقات میں ہی دونوں کے درمیان اچھی ہم آہنگی پیدا ہو گئی تھی اور سیکھنے کے مشترکہ شوق نے انہیں مزید قریب کر دیا۔ امریکہ واپسی کے بعد انہوں نے ایکس پر تھیا کو براہِ راست پیغام بھیجا، جس کے تقریباً ایک ماہ بعد دونوں نے طویل فاصلے پر رہتے ہوئے باقاعدہ تعلق کا آغاز کیا اور ایک دوسرے سے ملاقاتوں کی منصوبہ بندی کرتے رہے۔
دونوں نے اپریل 2022 میں کڈز چوائس ایوارڈز میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ عوامی سطح پر شرکت کی، جسے بعد میں تھیا بوئسن نے انسٹاگرام پر یادگار رات قرار دیا تھا۔
مسٹر بیسٹ نے کرسمس ڈے 2024 کے روز اپنے گھر میں اہلِ خانہ کی موجودگی میں تھیا بوئسن کو شادی کی پیشکش کی۔ ان کے بقول انہوں نے پہلے جان بوجھ کر ایک بڑا ڈبہ گرا کر آواز پیدا کی تاکہ سب کی توجہ مبذول ہو، پھر اصل تحفہ، جس میں انگوٹھی موجود تھی، پیش کرتے ہوئے ایک گھٹنے پر بیٹھ کر انہیں شادی کی پیشکش کی۔

مسٹر بیسٹ نے طویل تعلق کے بعد 2024 میں تھیا کو شادی کی پیشکش کی۔  (فوٹو: تھیا بوئسن)

شادی سے قبل پیپل میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر بیسٹ نے کہا تھا کہ وہ اپنی شادی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھنا چاہتے ہیں اور تقریب میں پیشہ ور فوٹوگرافر کے علاوہ کسی کیمرے کی موجودگی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا تھا، ’یہ تقریب صرف خاندان اور قریبی دوستوں کے لیے ہوگی۔ ہم کچھ وقت دنیا کی مصروفیات سے دور گزارنا چاہتے ہیں۔‘
تھیا بوئسن نے شادی کے بارے میں کہا، ’یہ شاید ایک گھسا پٹا جملہ لگے، لیکن یہ واقعی جنت جیسا تجربہ تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’ہم بے حد خوش تھے اور ہر طرف محبت کا ماحول تھا۔ ہم دونوں بہت زیادہ کام کرتے ہیں، اس لیے اپنے تمام دوستوں اور خاندان کو ایک جگہ دیکھنا ہمارے لیے بہت خاص لمحہ تھا۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ہر سال ایک ہفتہ صرف اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ گزارنے کی کوشش کریں گے، اور ہمارے تمام مہمانوں نے بھی یہی خواہش ظاہر کی۔‘
انہوں نے کہا کہ شادی دراصل ان کے تعلق کی صرف ایک رسمی تکمیل ہے کیونکہ دونوں نے ابتدا ہی سے اپنے رشتے کو شادی کی نیت سے آگے بڑھایا تھا۔

یہ تقریب صرف خاندان اور قریبی دوستوں کے لیے تھی۔  (فوٹو: سکائلر ڈیویز)

تھیا بوئسن کے مطابق، ’فرق صرف اتنا ہے کہ اب دنیا جانتی ہے کہ ہماری شادی ہو چکی ہے، لیکن ہماری زندگی ویسی ہی رہے گی۔ ہم اپنے گھر، اپنے کتوں اور بلیوں کے پاس واپس جائیں گے اور پھر اپنی اگلی مہم پر روانہ ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسٹر بیسٹ نے شادی میں شریک ہر مہمان کو خوش آمدید کرنے اور ان کے خاندان کے افراد سے گھلنے ملنے کے لیے غیر معمولی کوشش کی، جس نے ان کی محبت کو مزید مضبوط کر دیا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Thea Donaldson (@thea)

تھیا بوئسن کون ہیں؟
ویب سائٹ بروٹ کے مطابق، تھیا بوئسن جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی کانٹینٹ کریئیٹر ہیں، جو آن لائن تھیا بیسٹی کے نام سے جانی جاتی ہیں۔
انہوں نے 2016 میں گیم سٹریمنگ کا آغاز کیا اور دی وِچر 3 اور گوینٹ سمیت مختلف ویڈیو گیمز پر مواد تخلیق کیا۔ بعد ازاں وہ ٹوئچ سٹریمر، ای سپورٹس مبصر اور گیمنگ کانٹینٹ کریئیٹر کے طور پر بھی معروف ہوئیں۔
گیمنگ کے ساتھ ساتھ انہوں نے تعلیم پر بھی توجہ دی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کی سٹیلن بوش یونیورسٹی سے قانون اور نفسیات کی تعلیم حاصل کی، جبکہ بعد میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے ہیومن کاگنیٹو نیورو سائیکالوجی میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔
تھیا بوئسن لکھاری بھی ہیں۔ ان کا پہلا ناول دی مارکڈ چلڈرن 2022 میں شائع ہوا، جس کے ذریعے انہوں نے فکشن نویسی کے میدان میں بھی قدم رکھا۔

شیئر: