سعودی عرب کی لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت
بین الاقوامی برادری اسرائیلی مداخلت کے خاتمے کے لیے ذمہ داریاں پوری کرے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے پیر کو لبنان کی سرزمین پر اسرائیل کی جارحیت مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے کے مطابق وزرت خارجہ نے بیان میں اسے لبنانی سر زمین پر دراندازی اور اس کی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ ’وہ کشیدگی کے خاتمے اور لبنانی سر زمین پر اسرائیلی پیش قدمی روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔‘
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں لبنان کی خود مختاری کے تحفظ اور متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق اس کے عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کی اہیمت پر زور دیا۔
بیان میں طائف معاہدے کی پاسداری کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا گیا، جس کے مطابق لبنانی ریاستی اتھارٹی کو اس کے تمام علاقوں میں وسعت دی جا سکے۔
وزارت نے بیان میں ہتھیاروں کو صرف ریاست اور اس کے قانونی اداروں تک محدود رکھنے سے متعلق لبنانی حکومت کے فیصلوں کی تعمیل پر بھی زور دیا تاکہ ملک میں سلامتی اور استحکام کو بحال کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ تھا فوج نے اس تاریخی قلعے پر قبضہ کر لیا ہے، جو جنوبی لبنان کے وسیع علاقے پر نظر رکھنے کی سٹریٹجک حیثیت رکھتا ہے۔
جبکہ اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی حصے کے مضافاتی علاقے پر حملے کرنے کا حکم دیا ہے جو حزب اللہ کا مضبوط گڑھ ہے۔
