صحرا اور سبزہ زاروں کے بیچ العرمہ سیزن اختتام پذیر، آٹھ لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت
امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے العرمہ سیزن کے پانچویں ایڈیشن کے اختتام کا اعلان کیا ہے جو امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو اور کنگ خالد رائل ریزرو میں چھ مہینے تک جاری رہا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس سیزن میں مملکت اور بیرون ملک سے سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد ہوئی۔
اتھارٹی کے مطابق اس سیزن میں آٹھ لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔ اس سیزن میں 14 ٹورازم سروس پروائیڈرز شریک ہوئے جنہوں نے 14 متنوع سرگرمیاں اور تجربات فراہم کیے۔
اس سیزن میں لگ بھگ 84 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے جس سے مقامی کمیونٹیز اور ایکوٹورازم کی انڈسٹریز کو تعاون فراہم ہوا اور دو ریزرو کے اندر معاشی اور سماجی پائیداری کو تقویت ملی۔
اتھارٹی کے مطابق العرمہ سیزن کو خزاں، سردی اور بہار کے موسم میں منعقد کیا گیا جنہیں معتدل موسم تصور کیا جاتا ہے جس کے باعث ایکوٹورازم کی سرگرمیوں کے لیے موزوں ماحول پیدا ہوا۔

اس سیزن میں کئی اقسام کی سرگرمیاں جیسے ہائیکنگ، سٹار گیزنگ، اونٹوں اور گھوڑوں کی ریس، سائیکلنگ، سائٹ سینگ اور ٹِرپس وغیرہ شامل تھیں۔
پچھلے تمام ایڈیشن کو ملا کر اس سیزن میں اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد شریک ہو چکے ہیں جس سے مملکت میں ایکوٹورازم کے بڑھتے ہوئے شوق کی عکاسی ہوتی ہے۔

یہ سیزن العرمہ پہاڑی سلسلے کے نام پر رکھا گیا ہے جو ریاض کے مشرق میں پھیلا ہوا 700 کلومیٹر طویل ایک قدرتی مقام ہے۔ یہ سیزن ملک کے دیگر شہری تفریحی فیسٹیول سے بالکل مختلف ہے کیونکہ اس کا اصل مقصد پائیدار سیاحت کے ذریعے یہاں آنے والے لوگوں کو سعودی عرب کے قدرتی مناظر، رنگ برنگی جنگلی حیات اور ثقافتی ورثے سے جوڑنا ہے۔
یہ سیزن سعودی عرب کے دو محفوظ ترین علاقوں میں منعقد کیا جاتا ہے۔ ان میں سے ایک امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو ہے جو 11300 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں دھنا کے صحرا کے حصوں کے ساتھ ساتھ روضتہ خریم جیسے مشہور سرسبز علاقے شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ہی دوسرا علاقہ کنگ خالد رائل ریزرو ہے جو اپنے خوبصورت صحرائی اور پہاڑی مناظر، قدیم تاریخی مقامات، چٹانوں پر مبنی پرانی تصویروں اور نایاب جنگلی حیات جیسے اوریکس اور غزال کے لیے جانا جاتا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کی بڑی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد معیشت کو مضبوط بنانا، سیاحت کے زیادہ مواقع پیدا کرنا اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا ہے۔

گزشتہ چند برسوں میں انفراسٹرکچر میں بہتری ہوئی، ماحول دوست رہائش گاہوں، نجی شعبے کی شرکت اور مقامی لوگوں کو ان سرگرمیوں کا حصہ بنانے کی وجہ سے یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں مسلسل اور شاندار اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
