Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب ریڈ لائن ہے‘: حب الوطنی کے نعروں والے ملبوسات اور تحائف مقبول

سعودی ملبوسات کے برانڈ ’کائی‘ نے ریڈ لائن والی کیپ متعارف کرائی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
ٹی شرٹس اور ہُوڈیز سے لے کر بروچز اور کی چینز تک سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر حب الوطنی کے نعروں سے مزین اشیا توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ ان اشیا پر ’سعودی عرب ایک ریڈ لائن ہے‘ جیسے نعرے درج ہیں جبکہ سعودی ریٹیلرز بھی قومی شناخت اور مملکت سے محبت کے اظہار کے لیے مختلف مصنوعات پیش کر رہے ہیں۔
یہ نعرہ مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور وقار کو اجاگر کرتا ہے اور مقامی آن لائن سٹورز پر فروخت ہونے والے ملبوسات اور دیگر اشیا پر نمایاں ہے۔ سعودی عرب کے جغرافیائی نقشے اور دیگر قومی علامات کے ڈیزائن بھی مقبول ہو رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق آزادانہ طور پر کام کرنے والے برانڈز سے لے کر چھوٹے آن لائن کاروباروں تک مختلف ریٹیلرز ایسی مصنوعات متعارف کرا رہے ہیں جن پر درج نعرے روزمرہ کے فیشن کے ساتھ حب الوطنی کے جذبات کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
سعودی فیشن برانڈ ’صدف‘ نے ایسے ملبوسات متعارف کرائے ہیں جن پر ’سعودی عرب کے علاوہ کوئی نہیں‘ کا پیغام درج ہے۔ اس کے علاوہ ایسے ڈیزائن بھی پیش کیے گئے ہیں جو اس عزم کو اجاگر کرتے ہیں کہ سعودی عرب ایک ریڈ لائن ہے۔
ریاض میں قائم یہ فیشن برانڈ 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ برانڈ کے مطابق اس کے ڈیزائن روایتی ورثے اور جدید فیشن کا امتزاج پیش کرتے ہیں۔
برانڈ کی ویب سائٹ پر اس کی شرٹ نمایاں ہے جبکہ شاپنگ پلیٹ فارم ’پِک‘ پر اس کی مصنوعات میں ایک خاکی رنگ کی ٹی شرٹ بھی شامل ہے جس پر حب الوطنی کا نعرہ درج ہے۔
برانڈ نے اس شرٹ کو فخر اور قومی وابستگی کے اظہار کے طور پر پیش کیا ہے۔ اس کے مطابق یہ شرٹ سعودی عرب سے وفاداری اور مملکت کی سلامتی و خودمختاری کے احترام کی عکاسی کرتی ہے۔

سعودی عرب کے جغرافیائی نقشے اور قومی علامات کے ڈیزائن بھی مقبول ہو رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

اس نعرے کو استعمال کرنے والا واحد برانڈ صدف نہیں ہے۔ آن لائن ریٹیلر ’ریمان ڈیزائن‘ بھی ایسی ٹی شرٹ فروخت کر رہا ہے جس کے ڈیزائن میں سعودی عرب کا جغرافیائی نقشہ ’ریڈ لائن‘ کے تصور کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
کاٹن کے شرٹ کو ابتدا میں سعودی قومی دن کے خصوصی کلیکشن کے حصے کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ اس کے ڈیزائن میں سعودی عرب کے جغرافیائی نقشے کو قومی شناخت کی علامت کے طور پر شامل کیا گیا ہے جو اس نعرے کو مملکت کی سرزمین سے جوڑتا ہے۔
اس نعرے کو صرف کپڑوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ دیگر اشیا بھی تیار کی جا رہی ہیں۔
آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ’محلی‘ پر ’تساھیل سٹور‘ نے ایک بروچ فروخت کے لیے پیش کیا ہے جس کا ڈیزائن ’سعودی عرب ایک ریڈ لائن ہے‘ کے نعرے سے متاثر ہے۔
’میلیا‘ بھی مختلف اقسام کی اشیا فروخت کرنے والا ایک سٹور ہے جو تھری ڈی پرنٹنگ، لیزر کے ذریعے ڈیزائن بنانے اور اپنی پسند کے مطابق تحائف تیار کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔

فیشن برانڈ صدف کے ملبوسات پر قومی فخر اور شناخت کی عکاسی کرنے والے ڈیزائن نمایاں ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

سعودی ملبوسات کے برانڈ ’کائی‘ نے بھی اپنی مصنوعات میں یہ نعرہ شامل کیا ہے اور ’سعودی عرب ایک ریڈ لائن ہے‘ کے الفاظ والی ٹوپی متعارف کرائی ہے۔
یہ برانڈ سعودی قومی شناخت سے متاثر ملبوسات تیار کرتا ہے جن کے ڈیزائن میں قومی علامات، ٹائیوگرافی اور مملکت کی ثقافت کی جھلک نمایاں ہوتی ہے۔
سعودی کمپنی ’سدن النخبة‘ نے حال ہی میں ’سعودی عرب ایک ریڈ لائن ہے‘ کے نعرے والے تحائف متعارف کرائے ہیں۔ کمپنی یہ تحائف اداروں اور کاروباری کمپنیوں کو ان کی پسند کی پیکنگ اور خصوصی کارڈز کے ساتھ فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ تحائف قومی فخر کے اظہار کے لیے تیار کیے گئے ہیں تاکہ ملازمین اور مہمانوں پر طویل عرصے تک گہرا تاثر چھوڑا جا سکے۔

شیئر: