Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز: شریاس ائیر انڈین ٹیم کے نئے کپتان مقرر

اس اعلان کو انڈین ٹی 20 کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز  قرار دیا جا رہا ہے۔  (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے انڈین سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں شریاس ائیر کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ 
اس اعلان کو انڈین ٹی 20 کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز  قرار دیا جا رہا ہے۔ 
شریاس ائیر نے سوریا کمار یادو کی جگہ کپتانی سنبھالی ہے جبکہ نوجوان بلے باز تلک ورما کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سوریا کمار یادو نہ صرف کپتانی سے محروم ہوئے ہیں بلکہ انہیں سکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔
سکواڈ میں سب سے زیادہ قابل توجہ  پہلو 15 سالہ نوجوان بیٹر  ویبھو سوریا ونشی کی شمولیت نے حاصل کی ہے  جنہیں پہلی مرتبہ انڈین سینیئر ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔ 
سوریا ونشی نے حالیہ انڈین پریمیئر لیگ سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 میچوں میں 776 رنز بنائے اور ایک سیزن میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ قائم کیا۔ ان کی غیر معمولی فارم کے باعث سلیکٹرز نے انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اگر سوریا ونشی آئرلینڈ یا انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرتے ہیں تو وہ انڈیا کی مردوں کی سینیئر کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن جائیں گے اور اس طرح وہ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔
انڈیا جون کے آخر میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی 20 میچز کھیلے گا جس کے بعد جولائی میں انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز ہوگی۔ یہ سیریز آئندہ عالمی ایونٹس کی تیاری کے تناظر میں نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اجیت اگرکر کی قیادت میں منتخب کردہ سکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے۔ انڈین کرکٹ  بورڈ نے اس کے ساتھ ایشین گیمز 2026 کے لیے بھی سکواڈ کا اعلان کیا ہے جہاں شریاس ائیر قیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
انڈین  ٹی 20 سکواڈ (آئرلینڈ اور انگلینڈ سیریز): شریاس ائیر (کپتان)، تلک ورما (نائب کپتان)، ویبھو سوریا ونشی، یشسوی جیسوال، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن، رنکو سنگھ، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، ورون چکرورتی، ارشدیپ سنگھ، محمد سراج۔
 

شیئر: