Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: پہلے پانچ دنوں میں کیا ہوا؟، عامر خاکوانی کی تجزیہ

۔ یوروگوئے نے بڑا دباؤ ڈالا کہ برتری لے مگر سعودی دفاع نے بڑی عمدگی سے انہیں ڈیل کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال ورلڈ کپ شروع ہوئے پانچ دن ہوچکے ہیں۔ پہلے دن دو میچز ہوئے اور اب ٹیمپو بن گیا ہے، ایک دن میں چار میچز تک ہو رہے۔ ابھی تک بعض بڑی ٹیموں جیسے ارجنٹائن، فرانس، پرتگال، انگلینڈکے میچز ابھی تک نہیں ہوئے۔ البتہ جرمنی، برازیل، سوئیڈن ، مراکش، نیدرلینڈ،جنوبی کوریا، جاپان سمیت کئی دیگر ٹیموں کے میچز ہوچکے ہیں۔ ابھی ایک ایک میچ ہی ہوا تو کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی، مگر بہرحال بعض بڑی ٹیموں نے مایوس کیا تو وہاں پر تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی ایک دو ٹیمیں ایسی ہیں جنہوں نے اپنا پہلا میچ ہی حیران کن کھیلا۔
یہ لیگ راونڈ ہے، بارہ گروپ ہیں۔ ہر گروپ کی ہر ٹیم تین میچ کھیلے گی، اس لئے پہلا میچ برابر ہوجانا کوئی بڑا اپ سیٹ تو نہیں کہ اگلے دو میچز میں تلافی ہوسکتی ہے، مگر پھر بھی نتیجہ اہم ہی ہوتا ہے۔ اس سے یہ اندازہ ہورہا ہے کہ کون سی ٹیم میں دم ہے اور کون سی اپنے ماضی کی یادوں کی صرف راکھ ہی سرمایہ بنائےبیٹھی ہے۔
اس ورلڈ کپ میں تین ممالک میزبان ہیں، امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو۔ میزبان ٹیموں کو ہوم میچز ہوم کراوڈ میں کھیلنے کا ایڈوانٹیج تو مل رہا ہے، کچھ مسئلہ امریکہ کے بعض شہروں میں غیر متوقع گرمی کا بھی ہے۔ خیر ہر ٹیم نے اس کی تیاری کر رکھی ہے۔ وہ دو تین ہفتے قبل پہنچ گئی تھیں، دوستانہ میچز بھی کھیل چکی ہیں۔ اب موسم، گراونڈز کوئی عذر نہیں بن سکتے۔
ابتدائی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقہ کو دو صفر سے ہرایا۔ میکسیکو اچھی اور تجربہ کار ٹیم ہے، اس کی جیت متوقع تھی۔
دوسرے میچ میں جنوبی کوریا نے چیک ری پبلک کو دو ایک سے ہرایا۔ دونوں اچھی ٹیمیں ہیں۔ چیک ری پبلک پہلے بھی ورلڈ کپ میں آ چکی ہے، جبکہ جنوبی کوریا کو اگلے راونڈ جانے والی ممکنہ ٹیموں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔ جنوبی کوریا کو اس جیت سےاعتماد ملے گا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان سون ہیونگ من مشہور کھلاڑی ہیں، یہ ان کا چوتھا ورلڈ کپ ہے۔ انہیں ایشیا کے چند بڑے کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ گول تو نہ کرسکے مگر اچھا کھیلے اور بعض خطرناک مووز بنائیں۔
بوسنیا ہرزگووینیا اور کینیڈا کا میچ برابر رہا۔ کینیڈا میزبان ملک ہے۔ اچھا میچ ہوا، بوسنیا کی ٹیم نے اٹلی کو ہرا کو کوالیفائی کیا ہے، اس لیےاسے ایزی نہیں لیا جا سکتا۔ میچ میں پہلے گول بوسنیا نے کیا مگر بعد میں کینیڈا نے برابر کر دیا۔ اچھا میچ رہا۔

یوراگوئے کے خلاف پہلے ہاف میں گرین فالکنز کے نام سے مشہور سعودی ٹیم نے برتری حاصل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

میزبان امریکہ نے پیراگوئے کو چار ایک سے ہرا کر ہر کسی کو حیران کر دیا۔ پیراگوئے پرانی لاطینی امریکی ٹیم ہے مگر امریکیوں نے انہیں ٹکنےنہیں دیا۔ امریکہ میں اب فٹ بال خاصا مقبول ہوچکا ہے اور ان کی ٹیم ماڑی نہیں۔
قطر اور سوئٹزرلینڈ کا میچ ایک ایک سے برابر رہا۔ سوئٹزرلینڈ کی اچھی ٹیم ہے، اس کے ساتھ میچ برابر کرنا قطر کی کامیابی ہے۔
جاپان اور نیدرلینڈ (ہالینڈ) کا میچ بڑا تھرلنگ دلچسپ رہا۔ دونوں اچھی ٹیمیں ہیں۔ نیدرلینڈ یورپ کی بڑی ٹیم ہے، جاپان بھی اچھی فارم میں ہے۔ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ نیدرلینڈ نے دو بار برتری لی، مگر ہر بار جاپانی ٹیم نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ آخری منٹوں میں میچ خاصا ٹف ہوگیا تھا مگر بہرحال کوئی ٹیم برتری نہ لے سکی۔

برازیل بمقابلہ مراکش

ورلڈ کپ کے اہم میچوں میں سے ایک میں برازیل اور مراکش کا مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا جو کہ برازیلین فینز کے لیے زیادہ اچھی خبر نہیں۔ سچ تویہ ہے کہ مراکش کی ٹیم پہلے ہاف میں تو مکمل چھائی رہی، پہلا گول بھی جلد کر لیا۔ برازیل اس میچ میں سنبھل ہی نہیں سکا، ان کے مڈ فیلڈرز خاص طور سےدباو میں تھے۔ برازیل کی خوش قسمتی کہ ونیسیس جونئیر نے اپنی ذاتی کوشش سے ایک خوبصورت گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ ونی جونئیر کے نام سے مشہور یہ نوجوان کھلاڑی برازیل کا بہت اہم فارورڈ ہے اور اس سےاگلے میچز میں بھی گول سکورنگ کی توقع ہے۔

ورلڈ کپ کے اہم میچوں میں سے ایک میں برازیل اور مراکش کا مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

میچ نیتجہ خیز نہیں نکلا مگر مراکشی ٹیم نے اپنے خوبصورت کھیل سے مداحوں کو محظوظ کیا۔ برازیل کی ٹیم دوسرے ہاف میں بہتر کھیلی، مگر بہرحال ان کا روایتی شاندار کھیل ابھی تک نظر نہیں آیا۔ برازیلی کوچ نے بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ پہلے میچ میں ٹیم کچھ نروس ہوگئی تھی، بعد میں سیٹل ہوگئی اور اگلے میچز میں ہم بہتر کھیلیں گے۔ یاد رہے کہ برازیل اور ارجنٹائن ایسی ٹیمیں ہیں جن کے پرجوش فینز ڈرا میچ کو ہار ہی سمجھتےہیں۔ برازیلین مداحین پہلا میچ برابر رہنے پر بڑے دلبرداشتہ ہوئے۔ ان کے کوچ نے انہیں اسی لیےتسلی دی ہے کہ پہلا میچ جیتنے سے کوئی ورلڈ کپ ٹرافی نہیں جیت سکتا۔ ٹورنامنٹ ابھی شروع ہواہے، اگلے میچز میں ہم کسر نکال دیں گے۔ دیکھیں یہ دعویٰ کس حد تک درست نکلتا ہے۔
پاکستان میں لیاری، کراچی کے علاقے میں برازیل کے نہایت پرجوش مداحین موجود ہیں۔ وہ برازیل کے لیے دعاگو ہوں گے۔ خاکسار کی ہمدردی البتہ اشرف حکیمی کی ٹیم مراکش کے ساتھ تھی، جس نے پچھلی بار سیمی فائنل میں پہنچ کر ہمیں شاد کیا تھا۔
ان کا گروپ سی ہے جس میں تیسری اچھی ٹیم سکاٹ لینڈ ہے جس نے اپنے پہلے میچ میں ہیٹی کو ہرا دیا ہے۔ ہیٹی بھی نووارد ٹیم ہے۔ توقع ہے کہ برازیل اور مراکش دونوں ہیٹی کو ہرا سکیں گے مگر ان کے سکاٹ لینڈ سے میچز اہم ہوں گے جو خاصے طویل عرصے کے بعد ورلڈ کپ میں آئی ہے۔ سکاٹ لینڈ کے ساتھ میچز ہی طے کریں گے کہ کون سی ٹیمیں آگے جائیں گی؟

ترکیہ کو مایوسی اور غیر معروف ٹیم کی کامیابی

آسٹریلیا نے ترکیہ کو دو گول سے ہرا دیا۔ ترک شائقین کےساتھ پاکستانیوں کو بھی مایوسی ہوئی کیونکہ ترکیہ ہمارے ہاں بھی خاصا پسند کیا جاتا ہے۔ ترکیہ کی ٹیم برا نہیں کھیلی مگر ان کی فنشنگ اچھی نہیں رہی۔ اس کی ایک وجہ تو یہ تھی کہ آسٹریلیا کا گول کیپر غیر معمولی ہے، اس نے کئی حملے روکے ،کم از کم دو تو یقینی گول ہونے چاہیے تھے جو نہ ہوپائے۔ یوں ترکیہ ہار گیا اور ایک بھی گول نہ کر سکا۔

پاکستان میں لیاری، کراچی کے علاقے میں برازیل کے نہایت پرجوش مداحین موجود ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

یہ گول کرنے اور گول کھانے والا معاملہ بعد میں اہم ہو جائے گا جب بارہ گروپوں کی تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کی کیلکولیشن ہوگی، ان میں تب بہتر اعداد وشمار رکھنے والی آٹھ ٹیمیں اگلے راونڈ میں کوالیفائی کر جائیں گی۔ اس لحاظ سےترکیہ کا دو صفر سے ہارنا برا آغاز ہے۔ اگلے میچز میں انہیں غیر معمولی کھیل دکھانا ہوگا ورنہ اگلا راونڈ بھول جائیں۔
کوٹے ڈی ایورے نے ایکواڈور کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ جیت جیت ہی ہوتی ہے، تین پوائنٹ اس ٹیم کو مل گئے جس کا فرانسیسی نام بہت کم لوگ جانتےہیں مگر دراصل یہ ملک ائیوری کوسٹ ہی ہے ، تاہم اس کا فرانسیسی اور اب آفیشل نام کوٹے ڈی ایورے ہے۔

دو ہائی سکورنگ میچز

جرمنی نےاپنے پہلے میچ میں نووارد ٹیم کوراساو کو سات ایک سے ہرا دیا۔ جرمنی کی ٹیم زیادہ گول کرنے کے لیے مشہور ہے، مگر بہرحال سات گول بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ جرمن فارورڈ چھائے رہے اور شاندار کھیل پیش کیا۔ کوراساو کی ٹیم جو پہلی بار ورلڈ کپ کھیل رہی ہے۔ وہ اس پر ہی خوش تھی کہ اس نے اپنی تاریخ کا پہلا فٹ بال ورلڈ کپ گول کر ڈالا۔
سوئیڈن نے بھی دھماکہ خیز انٹری ڈالی اور پہلے میچ میں تیونس کی ٹیم کو پانچ ایک سے ہرا دیا۔ سوئیڈن یورپ کی بڑی ٹیموں میں سے ایک ہے، وہ میچ پر چھائی رہی اور تیونسی دفاع کو پاش پاش کر کے پانچ گول کر ڈالے۔

سپین کو لگنے والا دھچکہ

ورلڈ کپ کے اہم اپ سیٹس میں سے ایک سپین اور کیپ ورڈے کا میچ صفر صفر سے برابر رہنا ہے۔ یہ حیران کن تھا کیونکہ سپین کی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے موسٹ فیورٹ سمجھی جارہی ہے جبکہ کیپ ورڈے کی ٹیم کا نام ہی لوگوں نے پہلی بار سنا ہوگا۔

ورلڈ کپ کے اہم اپ سیٹس میں سے ایک سپین اور کیپ ورڈے کا میچ صفر صفر سے برابر رہنا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

بتایا جاتا ہے کہ یہ کل ساڑھے پانچ لاکھ آبادی والا یہ ملک آتش فشانی جزائر پر مشتمل ہے۔ یہ پہلی بار ورلڈ کپ تک پہنچا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کیپ ورڈے کا بھی اب نام تبدیل کر کے کوبا ورڈے رکھ دیا گیا ہے، مگر ابھی تک میڈیا میں پرانا انگریزی نام کیپ ورڈے ہی چل رہا ہے۔ سپین کی ٹیم خاصی مضبوط اور بیلنس سمجھی جاتی ہے مگر اپنی تمام تر کوشش کے باوجود کابو ورڈے/کیپ ورڈے کا دفاع نہ توڑ سکی۔
سپین نے اپنی طرف سے بہترین ٹیم کھلائی، اپنے خطرناک سٹرائیکر لامین یمال تک کو کھلایا جو ابھی ایک انجری سے واپس آئے ہیں۔ پہلے میچ کی وجہ سے سپین نے پورا زور لگایا مگر میچ نہ جیت سکے۔ اس کا نقصان اگلےمیچوں میں محسوس ہوگا۔

ڈرا میچز کا دن

امریکی حساب سے منگل کا دن اور پاکستانی وقت کے حساب سے پیر اور منگل کی درمیانی رات میچز ڈرا ہوئے۔ تین میچز ،سب کے سب ڈرا۔ رات بارہ بجے بلجیئم اور مصر کا میچ اہم تھا۔ مشہور مصری سٹرائیکر محمد صلاح الدین کی وجہ سے اس میں میں دلچسپی تھی، صلاح کے مداحین عرب دنیا میں اور باہر بھی ہیں۔ انگلش کلب لیورپول کے فینز محمد صلاح کو ہیرو مانتے ہیں۔ مصر نے پہلے ہاف میں برتری لے لی۔ مگر دوسرےہاف میں بلجیئم نے میچ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کے آخری پندرہ بیس منٹ میں بلجیئم نے بڑا دباو ڈالا مگرکسی نہ کسی طرح مصری ٹیم گول سے بچتی رہی۔
کپتان محمد صلاح کی کارکردگی پہلے میچ میں متاثرکن نہیں تھی، انہیں میچ کے دوسرے ہاف میں باہر بھی بلا لیا گیا۔ مصر کی جانب سے گول امام عاشورہ نے کیا۔ تاہم امام کو بھی میچ کے اختتام سے کچھ دیر پہلے باہر بلا لیا گیا۔ مصری کوچ نے مسلسل تبدیلیاں کیں مگر مصری فارورڈ لائن کی فنشنگ کمزور رہی۔ بہرحال دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ اب انہیں اگلے میچز ایران اور نیوزی لینڈ سے کھیلنے ہوں گے۔ ویسے اس میچ میں برابر کرنا مصر کی کامیابی ہے کیونکہ بلجیئم ٹاپ ٹیموں میں ہے، رینکنگ میں وہ دسویں نمبر پر ہے جبکہ مصر کی ٹیم تیسویں نمبر پر ہے۔

سعودی عرب بمقابلہ یوراگوئے

پیر اور منگل کی شب تین بجے سعودی عرب اور یوراگوئے کا میچ ہوا۔ یوراگوئے لاطینی امریکہ کی بڑی ٹیم ہے جس کے کریڈٹ میں کئی نمایاں کامیابیاں ہیں۔

یہ سعودی عرب کی خاصی بڑی کامیابی ہے۔ یوروگوئے سے میچ برابر کرنے سے ان میں اعتماد بڑھا ہوگا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سعودی عرب کی ٹیم اچھی ہے، پچھلے ورلڈ کپ میں اس نے بعض حیران کن پرفارمنسز پیش کی تھیں۔ اس میچ میں سعودی ٹیم نے کمال کیا اور یوروگوئے جیسی بڑی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پہلے ہاف میں گرین فالکنز کے نام سے مشہور سعودی ٹیم نے برتری حاصل کی۔ عبداللہ العامری نے یہ گول کیا۔ تاہم دوسرے ہاف میں یوراگوئے نے میچ برابر کر ڈالا۔ یوروگوئے نے بڑا دباؤ ڈالا کہ برتری لے مگر سعودی دفاع نے بڑی عمدگی سے انہیں ڈیل کیا۔ یوں یہ میچ ایک ایک سے برابر رہا۔
یہ سعودی عرب کی خاصی بڑی کامیابی ہے۔ یوروگوئے سے میچ برابر کرنے سے ان میں اعتماد بڑھا ہوگا، ایک قیمتی پوائنٹ بھی ملا۔ اگلے میچز میں وہ اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ سعودی عرب کا گروپ ایچ ہے، اس میں باقی دو ٹیمیں سپین اور کوبےورڈے ہیں۔
پاکستان میں منگل کی صبح چھ بجے ایک اہم میچ ایران اور نیوزی لینڈ کا ہوا۔ یہ بھی اہم میچ تھا۔ حالیہ حالات کی وجہ سے ایرانی ٹیم پر بہت لوگوں کی توجہ تھی۔ نیوزی لینڈ کی اچھی ٹیم ہے اور پرفارم کر کے کوالیفائی کیا ہے۔ یہ میچ بھی دلچسپ اور بھرپور ہوا۔ دونوں ٹیموں نے بھرپور حملے کیے اور دو دو گول کیے مگر کوئی بھی سبقت نہ لے پائی۔ یوں یہ میچ بھی برابر رہا۔ ایک ایک پوائنٹ دونوں ٹیموں کوملے گا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دونوں بار برتری لی مگر ایرانی ٹیم نے اعصاب پر قابو رکھا اور دونوں بار گول کر کے برتری ختم کر دی۔
ایران، نیوزی لینڈ اور بلجیئم، مصر ایک ہی گروپ میں ہیں۔ ان میچز کے نتائج آگلے راونڈ میں جانے پر اثرانداز ہوں گے۔ سب ٹیموں کو اب مزید محنت کرنا ہوگی۔

آج اور کل کے میچز

آج منگل اور بدھ کی درمیانی رات بارہ بجے پہلا میچ فرانس اور سینیگال کا ہوگا۔ اس میچ کا بہت لوگ انتظار کر رہے ہیں، سینیگال بھی اچھی تیز افریقی ٹیم ہے جبکہ امباپے اور عثمان ڈیمبیلے کا فرانس ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم تصور ہو رہی ہے۔

سعودی عرب کا گروپ ایچ ہے، اس میں باقی دو ٹیمیں سپین اور کوبے ورڈے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

تین بجے رات عراق اور ناروے کا میچ ہے۔ ناروے میں دنیا کا بہترین سٹرائیکر ارون ہالینڈ کھیل رہا ہے جو کئی بڑے ٹورنامنٹس میں ٹاپ سکورر رہا ہے۔ یہ میچ ناروے کو جیتنا چاہیے مگر عراقی کوچ اپ سیٹ کی پیش گوئی کر چکا ہے۔
بدھ کی صبح چھ بجے ارجنٹائن کی ٹیم کا الجزائر کے ساتھ میچ ہے۔ میسی کی ارجنٹائن ورلڈ چیمپین ہے اور اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے۔ ارجنٹائن کی ٹیم اس میچ میں فیورٹ کہی جا رہی ہے۔
صبح نو بجے آسٹریا اور اردن کا میچ ہے۔ اردن نسبتاً نئی ٹیم ہے، آسٹریا کو کسی حد تک ایڈوانٹیج ہے۔ اردن کو میچ برابر کرنے یا جیتنے کے لیے خاصا زور لگانا پڑے گا۔
تکنیکی طور پر سترہ جنوری ہی کو مگر رات دس بجے پرتگال اور کانگو ڈی آر کا میچ ہے۔ پرتگال رونالڈو کی ٹیم ہے۔ رونالڈو فینز بڑی بے تابی سے پرتگال کے میچ کا انتظار کر رہے ہیں۔

شیئر: