Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر روانہ

لبنانی فوج کے سربراہ روڈولف ہیکل ہفتے کے روز پاکستان روانہ ہوگئے، جہاں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق لبنان کی فوج کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ روڈولف ہیکل ’اپنے پاکستانی ہم منصب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ پاکستان روانہ ہوئے ہیں۔‘
ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ دورہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری وسیع تر مذاکرات سے متعلق ہے۔
معاملے سے آگاہ ایک ذریعے نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیکل کا دورہ ’امریکہ اور ایران کے درمیان مسائل کے حل کے لیے پاکستانی ثالثی‘ سے متعلق ہے، کیونکہ دونوں ممالک مشرقِ وسطیٰ میں جاری علاقائی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ’لبنان ان مذاکرات کا ایک اہم حصہ ہے۔‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے اسلام آباد کے کلیدی مذاکرات کار سمجھے جاتے ہیں۔ یہ جنگ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی تھی اور جلد ہی پورے خطے میں پھیل گئی۔
لبنان اس وقت جنگ میں شامل ہوا جب حزب اللہ نے 2 مارچ کو اسرائیل پر حملہ کیا۔ حزب اللہ نے یہ کارروائی 28 فروری کو ایران کے سپریم لیڈر کی امریکہ-اسرائیل کارروائی میں ہلاکت کے ردعمل میں کی تھی۔
اس کے جواب میں اسرائیل نے فضائی حملوں کی وسیع مہم اور زمینی کارروائی شروع کی، جس میں تقریباً 3,600 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جاری جنگ بندی کے باوجود حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان فائرنگ کے تبادلے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔
ایران کا اصرار ہے کہ علاقائی جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ ہونے والے کسی بھی معاہدے میں لبنان کو شامل کیا جائے۔
تاہم لبنان کے صدر جوزف عون نے جمعہ کے روز نشر ہونے والے سی این این کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کو لبنان کے معاملات میں مداخلت بند کرنی چاہیے، کیونکہ لبنان خود اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کر رہا ہے۔

شیئر: