Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین کا ایران پر ‘کھلی جارحیت’ کا الزام، کویت کے ساتھ مل کر سات میزائل مار گرانے کا دعویٰ

بحرین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ’بارودی سرنگیں بچھا کر استحکام کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بحرین نے اپنی سرزمین اور ہمسایہ ملک کویت پر ہونے والے تازہ ترین ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج کے دونوں ممالک نے ایران کی طرف سے داغے گئے سات میزائلوں کو فضاء ہی میں ناکام بنا دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین کی وزارتِ خارجہ نے سنیچر کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اسے ’مملکتِ بحرین اور ریاستِ کویت کے خلاف ایرانی جارحیت‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ’سکیورٹی میزائلوں سے بنتی ہے اور نہ ہی بارودی سرنگیں بچھا کر استحکام کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔‘
بحرینی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’یہ کھلی جارحیت دونوں ممالک کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان میزائلوں کو راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا اور ساتھ ہی ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے خلیجی ہمسایہ ممالک پر حملے فوری طور پر بند کرے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے جمعے کو آبنائے ہرمز اور خلیجی عرب اتحادیوں کی طرف داغے گئے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
جواب میں امریکی فوج نے ایران کی ساحلی نگرانی کے کچھ ریڈار سائٹس کو بھی نشانہ بنایا۔ اس تازہ ترین فائرنگ کے تبادلے نے تہران کے ساتھ پہلے سے ہی متزلزل جنگ بندی کو مزید کمزور کر دیا ہے۔
حملوں کا یہ تبادلہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ تنازعے کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی خاطر ایران پر دباؤ بڑھا رہی ہے۔

بحرین نے سائرن بجا کر شہریوں کو فوری طور پر قریبی محفوظ ترین مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

امریکی سینٹرل کمانڈ نے جمعے کی رات سوشل میڈیا پر بتایا کہ ایران نے کویت اور بحرین کی طرف سات بیلسٹک میزائل داغے تھے، جن میں سے امریکی افواج نے چھ میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا جبکہ ساتواں میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ فوج کے مطابق اس کارروائی میں کسی امریکی اہلکار کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری طرف کویت کی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی افواج ملک پر حملہ کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روک رہی تھیں جبکہ بحرین نے فضائی حملے کے سائرن بجا کر شہریوں کو فوری طور پر قریبی محفوظ ترین مقامات پر منتقل ہونے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے کویت میں امریکی افواج کی میزبانی کرنے والے ’علی السالم ایئربیس‘ اور بحرین کے چھوٹے خلیجی جزیرے میں موجود امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی فوج اس وقت ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رہی ہے جو کہ تہران کی جانب سے عالمی تیل اور قدرتی گیس کی ترسیل کے انتہائی اہم راستے کو بند کرنے کی کوششوں کا جواب ہے۔
اس ناکہ بندی کی وجہ سے توانائی کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا ہے اور مڈٹرم کانگریس کے انتخابات سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے لیے سیاسی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید حملوں کے خلاف دفاع کے لیے آبنائے ہرمز کے ایک جزیرے سمیت ایرانی راڈار سائٹس کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔

 

شیئر: