ریاض: وادی لبن میں دو متوازی پل زیرِ تعمیر، یومیہ چار لاکھ گاڑیوں کے گزرنے کی گنجائش
پلوں کی تعمیر کا 28 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض رائل کمیشن کی جانب سے شہر کے مغربی علاقے میں اہم ترین شاہراہوں پر ٹریفک روانی کو بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وادی لبن پل کے ساتھ دو متوازی نئے پلوں کی تعمیر کا 28 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
یہ منصوبہ رنگ روڈ اور مرکزی شاہراہوں کی ترقی کے پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شاہراہ کی گنجائش کو بڑھانا ہے جہاں یومیہ 4 لاکھ سے زیادہ گاڑیوں کی آمد ورفت رہتی ہے۔
شاہراہوں کے ترقیاتی منصوبے کے تحت 763 میٹر طویل دو متوازی پل چار مرکزی ستونوں پر تعمیر کیے جا رہے ہیں، ہر پل دو بیسز پر ہوگا۔

تعمیراتی امور میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جامع آپریشنل اور ٹریفک منصوبہ بندی کے ذریعے اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ منصوبے کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد اس شاہراہ پر سفر کے دورانیے میں 75 فیصد تک بہتری آئے گی جبکہ ٹریفک گنجائش میں 82 فیصد اضافہ ہوگا۔

اس سے مغربی ریاض اور شہر کے اہم مقامات کے درمیان رابطہ مزید موثر ہوگا جس سے لوگوں کو آمدورفت میں سہولت ہو گی۔
