مسجد نبوی میں یومیہ 235 ٹن زمزم تقسیم کیا جاتا ہے
مسجد نبوی ا میں 10 ہزار سے زائد زمزم واٹر ڈسپنسر موجود ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ’نمازیوں اور زائرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مسجد نبوی میں یومیہ تقریبا 235 ٹن زمزم تقسیم کیا جاتا ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام حرمین شریفین میں نمازیوں اور زائرین کو خدمات کی فراہمی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
اس نظام میں مسجد نبوی اور اس کے صحنوں میں 10 ہزار سے زائد زمزم واٹر ڈسپنسر موجود ہیں، جنہیں مسلسل دوبارہ بھرا جاتا ہے اور ان کی نگرانی کی جاتی ہے۔
جدید واٹر ٹیسٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے زمزم کے معیار اور سیفٹی کی جانچ کی جاتی ہے، تاکہ زمزم تک محفوظ اور آسان رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی کی جانب سے آب زم زم کی مستقل بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ ادارہ موجود ہے جہاں سیکڑوں کارکنان زم زم کی فراہمی کے لیے مامور ہیں۔
