جدہ میں تاریخی واٹر فرنٹ کی بحالی، سمندر کو ثقافتی ورثے سے جوڑنے کا منصوبہ
جدہ تاریخیہ میں واقع میں واٹر فرنٹ کی بحالی کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جو جدہ کے ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔
اس پروگرام کا مقصد خطے کی ثقافتی اور ورثے کی اہمیت کو بڑھانا اور اسے دوبارہ سمندر سے جوڑنا ہے تاکہ بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع اہم اور تاریخی بندرگاہوں میں سے ایک کے طور پر اس کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھا جا سکے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق منصوبے کے موجودہ مرحلے میں الاربعین جھیل اور اس سے ملحقہ ساحلی مقامات کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔
جھیل کی کھدائی اور صفائی، ساحل پر 972 میٹر طویل واٹر فرنٹ پرومینیڈ، 490 میٹر کی ساحلی دیوار کی تعمیر کے ساتھ آئندہ آپریشنل مرحلے کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی شامل ہے۔

الاربعین جھیل کی بحالی کے منصوبے کے تحت ایک ملین مربع میٹر رقبے پر ترقیاتی کام کیا جائے گا جس میں 1313 میٹر مربع کا پلیٹ فارم شامل ہے جو جدید ترین خطوط پر بنایا جائے گا۔
ترقیاتی منصوبے کا مقصد واٹر فرنٹ سے متصل تاریخی مقامات کی قدیم شناخت کو بحال کرتے ہوئے مربوط شہری ماحول فراہم کرنا ہے جو سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کی سپورٹ کرے۔ شہریوں اور وزیٹرز کے معیار زندگی کو بھی بہتر بنائے۔

واٹر فرنٹ کا ترقیاتی منصوبہ تین بنیادی مراحل پر مشتمل ہے: علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے پارکس، واکنگ ٹریک، تفریحی مقامات کے علاوہ کشتی رانی کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ جدہ کے اس تاریخی علاقے کی قدیم ثقافت کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بحال کیا جائے۔
