سعودی عرب اور پرتگال میں سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے سے استثنیٰ کا معاہدہ
سعودی عرب اور پرتگال نے سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرائط سے باہمی استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پرتگالی ہم منصب پاولو رینگل نے منگل کو لزبن میں معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے فریم ورک کا حصہ ہے جس کا مقصد سفر اور رابطے کو آسان بنانے کے ساتھ ہم آہنگی کو بڑھانا ہے۔
قبل ازیں سعودی اور پرتگالی وزرائے خارجہ نے باضابطہ ملاقات کی۔
ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے کوششوں سمیت علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران اور امریکہ کے درمیان فوجی کارروائیوں کے خاتمے اور مستقل ایگریمنٹ تک پہنچنے کے لیے تفصیلی مذاکرات کے آغاز کے لیے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے، تنازع کے پرامن حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ سمیت علاقائی ایشوز کی سپورٹ کے حوالے سے پرتگال کے موقف کی ستائش کی۔