قصیم میں تربوز کا موسم، ’نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع‘
ہر موسمِ گرما میں قصیم ریجن کی تربوز کی نیلامی کی منڈی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جاتی ہے جہاں کسان، تاجر اور خریدار بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ یہ منڈی نوجوانوں کو بھی تربوز کی فصل کے موسم میں روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے منڈی کے دورے کے دوران خریداروں اور فروخت کنندگان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا کیونکہ ملک کے مختلف علاقوں میں تربوز کی پیداوار عروج پر ہے۔
یہ منڈی اب ایک مصروف جگہ بن چکی ہے جہاں نوجوان تجارت، نقل و حمل اور مارکیٹنگ کے کاموں میں حصہ لے رہے ہیں اور گرمیوں کی اس اہم فصل کی زیادہ طلب سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ایک بیوپاری عبداللہ المروتی نے کہا کہ یہ موسم نوجوانوں کے لیے قیمتی معاشی مواقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’یہ خود روزگار کے کلچر کو فروغ دیتا ہے، اضافی آمدنی کا ذریعہ بنتا ہے، مقامی زرعی مصنوعات کی حمایت کرتا ہے اور کسانوں کو براہِ راست صارفین سے جوڑنے میں مدد دیتا ہے۔‘
عبداللہ المروتی نے مزید کہا کہ یہ منڈی لوگوں کو مختلف مواقع فراہم کرتی ہے۔ ’ایک نوجوان کم سرمائے کے ساتھ موسمی اجناس کی منڈی میں داخل ہو سکتا ہے اور اچھا منافع حاصل کر سکتا ہے۔‘