Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مردان میں گُردوارے میں فائرنگ، صفائی پر مامور عمر رسیدہ سکھ میاں بیوی ہلاک

پولیس کے مطابق واقعہ مردان کے شہر مردان کے علاقے بابو محلہ میں واقع گوردوارے میں پیش آیا (فوٹو، فیس بک، مردان ڈاٹ کام)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ایک گُردوارے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں عمر رسیدہ سکھ جوڑا ہلاک ہو گیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق واقعہ بدھ کو ضلع مردان کے بابو محلہ میں واقع گردوارے میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق 70 سال کے جگن ناتھ اور ان کی اہلیہ گردوارے کی صفائی پر مامور تھے اور اندر ہی رہائش پذیر تھے۔
واقعے کے وقت جگن ناتھ اپنی اہلیہ کے ہمراہ گردوارہ کے اندر موجود تھے جن پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان واقعے کے بعد فرار ہو گئے جن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

 

شیئر: