Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں کمزور طبقات کے ایک ہزار افراد کو ڈیجیٹل اور ووکیشنل سکلز کی ٹریننگ

کڑھائی، سلائی اور دستکاری میں بھی تربیت دی جا رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز غزہ میں معاشی خود مختاری کے منصوبے کے تحت سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج کی پارٹنر شپ سے انتہائی کمزور طبقات اور معذور افراد کے لیے تربیتی پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ان پروگرام کے فیچرز میں گرافک ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ٹرانسلیشن، فری لانسنگ، ورچوئل سسٹنس کے علاوہ ریموٹ بزنس مینجمنٹ میں پروفیشنل اور ڈیجیٹل ٹریننگ کورسز شامل ہیں۔ مینز گرومنگ، وومن بیوٹی سروسز، کڑھائی، سلائی اور دستکاری میں بھی تربیت دی جا رہی ہے۔
اس اقدام کا مقصد پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کو پریکٹیکل سکلز اور نالج فراہم کرنا ہے تاکہ جاب مارکیٹ میں ان کے امکانات کو بہتر بنایا جا سکے۔
سعودی امدادی ایجنسی نے اس ہفتے کے شروع میں وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں غزہ کی پٹی میں ضرورت مند خاندانوں اور معذور افراد کے لیے ایک معاشی خودمختاری کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔ 
افتتاحی تقریب میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام ، اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ اور اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (اوچا) کے نمائندوں سمیت متعدد مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں نے شرکت کی۔

 اس منصوبے کا مقصد پہلے مرحلے میں ایک ہزار سے زائد ضرورت مند اور معذور افراد کو مختلف تکنیکی اور ڈیجیٹل شعبوں میں تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے میں آٹھ ووکیشنل اور ڈیجیٹل کورسز میں مجموعی طور پر تقریباً 130 گھنٹوں کی خصوصی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
تربیت مکمل ہو نے پر پروگرام کے شرکا کو ڈپلومہ سرٹیفکیٹ اور پروفیشنل ٹول کٹ فراہم کیا جائے گی جو انہیں لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے اور پائیدار آمدنی کے حصول میں مدد دے گی۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کی جانب سے نیا امدادی قافلہ سنیچر کو غزہ پہنچا ہے، جس میں بڑی تعداد میں خیمے اور دیگر سامان موجود ہے۔
یہ اقدام غزہ کی پٹی میں متاثرہ افراد اور ضرورت مندوں کو مختلف شعبوں میں امدادی اور انسانی کوششوں کی توسیع ہے۔

سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج، جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، نے امداد وصول کی یہ خیمے ان خاندانوں کو ریلیف فراہم کریں گے جو انسانی بحران کے دوران بے گھر ہو گئے ہیں۔  

 

شیئر: