مملکت کے بعض علاقوں میں بارش کی پیش گوئی
جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی اور مدینہ کے علاقوں کے کچھ حصے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ حدود شمالیہ، الجوف، تبوک، مکہ اور ریاض کے کچھ حصوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور بارش کا یہ سلسلہ مکہ کے پہاڑی علاقوں کے جنوبی حصوں تک پھیل سکتا ہے۔
بحیرۂ احمر میں موسم کی صورتحال یہ رہے گی کہ اس کے شمالی اور وسطی حصوں میں ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی طرف 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جبکہ جنوبی حصوں میں ہوائیں شمال مغرب سے مغرب کی طرف 10 سے 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔
اس دوران سمندر میں لہریں آدھے میٹر سے دو میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں اور مجموعی طور پر سمندر کی صورتحال پرسکون رہے گی۔
عریبین گلف کے شمالی اور وسطی حصوں میں ہوائیں مغرب سے شمال مغرب کی طرف اور جنوبی حصے میں شمال مغرب سے جنوب مغرب کی طرف 10 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
یہاں لہروں کی اونچائی آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک جا سکتی ہے اور سمندر کا رخ عام طور پر پرسکون رہے گا۔
