جے ڈی وینس کی شہباز شریف کے مذاکرات میں مہارت کی تعریف ’ تین ماہ میں سب سے زیادہ عاصم منیر سے بات کی‘
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اتوار کے روز سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی۔
سوئٹزر لینڈ کے سیاحتی مقام برگن سٹاک میں قطر اور پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں جے ڈی وینس نے شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ اور میرے بھی دوست ہیں۔
’وہ ایک ایسے شخص ہیں جو اپنی قیادت اور انتہائی محتاط اور مہارت سے بھرپور مذاکرات کے ساتھ ہمارے ساتھ رہے، جس نے ہمیں اس مقام تک پہنچایا۔‘
جے ڈی وینس کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ’میں یہ کہوں گا کہ جب سے فیلڈ مارشل منیر نے وزیراعظم کے ساتھ اسلام آباد میں ہماری میزبانی کی، میں نے مذاق میں کہا ہے کہ میری زندگی میں دو بہت اہم لوگ ہیں: ایک انڈین اور ایک پاکستانی۔ انڈین میری بیوی ہیں، اور پاکستانی فیلڈ مارشل منیر ہیں۔‘
امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ’پچھلے تین مہینوں میں میری فیلڈ مارشل منیر سے شاید سب سے زیادہ بات چیت ہوئی ہے، حتیٰ کہ کسی اور شخص سے بھی زیادہ۔ ہم یہاں ان کی دانشمندانہ قیادت کے بغیر نہیں پہنچ سکتے تھے۔‘
جے ڈی وینس، جو امریکی مذاکرات کار جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف کے ہمراہ ہیں، جھیل لوسرن کے کنارے واقع برگن سٹاک میں ایران کے ساتھ ابتدائی معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’امید ہے کہ ہم بہت مفید بات چیت کریں گے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب ہم واپس جائیں گے تو ہمارے ہاتھ میں ایسا دستاویز ہوگا جو دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دے گا۔‘