Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی ممالک میں شدید گرمی کے باعث سکول بند، ٹرین سروس معطل

یورپ کے کئی ممالک اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جس سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک کے حکام مختلف قسم کے اقدامات کر رہے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے الرٹ میں الکحل کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے جبکہ سپین اور جرمنی میں سپورٹس کے کئی ایونٹ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح برطانیہ میں ’ٹروپیکل نائٹس‘ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پچھلے چند روز سے سامنے آنے والی گرمی کی لہر کے دوران درجہ حرارت مسلسل ریکارڈ سطح کی طرف بڑھ رہا ہے۔
سائنسدانوں نے واضح کیا ہے کہ بار بار آنے والی گرمی کی لہریں گلوبل وارمنگ کی علامت ہیں جو بنیادی طور پر کوئلہ، گیس اور تیل جلانے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔
ان کی جانب سے خبردار بھی کیا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسی لہریں زیادہ متواتر، طویل اور شدید ہوتی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق درج ذیل ممالک میں گرمی کی لہر کے زیادہ اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔
فرانس میں الکحل پر پابندی
فرانس میں گرمی کے باعث مشہور گلاس پیرامڈ کے نیچے ہونے والا موسیقی کا پروگرام منسوخ کر دیا ہے۔
لک کے کچھ حصوں میں پہلے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ پیسو کے علاقے میں 42 اعشاریہ دو تک ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کی جانب سے 35 اضلاع جو ملک کا تقریباً ایک تہائی حصہ بنتا ہے، میں ریڈ الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔

پچھلے چند روز سے یورپ کے کئی ممالک سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے پیر کے روز تک یہ تعداد 49 تک پہنچنے کا امکان ہے۔ لوگ گرمی سے بچنے کے لیے ٹھنڈے مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔ حکام نے سینٹ مارٹن کینال میں تیراکی کی اجازت بھی دے دی ہے۔
بیلجیئم میں گرمی مزید بڑھنے کی پیش گوئی
بیلجیئم میں درجہ حرارت اتوار کو 30 ڈگری سے تجاوز کر گیا جس کے بعد رائل میٹرولوجیکل انسٹیٹیوٹ آف بیلجیئم کے سربراہ ڈیوڈ ڈیہناؤ نے خبردار کیا ہے کہ نہ صرف گرمی کا یہ سلسلہ اگلے ہفتے کے دوران بھی برقرار رہے گا بلکہ ریکارڈ سطح تک بھی پہنچے گا۔
وہاں گرمی کی وجہ سے زیادہ رش والے مقامات کی ٹرینز بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

فرانس میں گرمی کی وجہ سے مشہور میوزک پروگرام منسوخ کر دیا گیا (فوٹو: روئٹرز)

سپین اور پرتگال بھی لپیٹ میں
دارالحکومت میڈرڈ میں سعودی عرب کے خلاف ہونے والے فٹ بال میچ کے لیے عوامی سطح پر ہونے والی سکریننگ کو معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ دارالحکومت میں شدید گرمی کی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔
حکام نے اتوار سے بدھ تک ہیٹ ویو کا باضابطہ اعلان کیا ہے جس کے دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
سپین اور پڑوسی ملک پرتگال میں لوگ ساحلوں کا رخ کر رہے ہیں اور حکام کی جانب سے لوگوں کو بغیر ضرورت باہر نہ نکلنے کا کہا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے لوگوں کو بلاضرورت گھر سے نہ نکلنے کا کہا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

سوئٹزرلینڈ میں وارننگ جاری

سوئس محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ رواں ہفتے درجہ حرارت 37 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور بعض علاقوں کے لیے الرٹس بھی جاری کیے گئے ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ گرمی کی یہ لہر کب تک برقرار رہے گی۔

برطانیہ میں ’رات کے وقت بھی درجہ حرارت زیادہ‘

برطانوی محکمہ موسمیات پیر سے جمعرات تک کے لیے شدید گرمی پڑنے کی وارننگ جاری کی ہے جس کے دوران درجہ حرارت 38 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ دن کے علاوہ رات میں بھی درجہ حرارت زیادہ رہے گا۔
رائل میٹرولوجیکل سوسائٹی کا کہنا ہے کہ چند روز میں سب سے زیادہ گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔
سوسائٹی کی چیف بینٹلے لِز بینٹلے کے مطابق گرمی کی اس لہر کے صحت عامہ، انفراسٹرکچر اور دوسری سروسز پر منفی اثرات پڑیں گے۔

شیئر: