اردن اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر بات چیت
عمان میں جنرل کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں فوجی رہنماؤں نے ڈرون سسٹمز، جدید دفاعی ٹیکنالوجیز اور تربیتی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ (فوٹو: جورڈن نیوز ایجنسی)
اردن کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف الحنیطی نے پاکستانی فوج کے ڈرون گروپ کے کمانڈر بریگیڈیئر فیصل خان سے ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔
عرب نیوز نے اردن کے ’جورڈن نیوز ایجنسی‘ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ عمان میں جنرل کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں فوجی رہنماؤں نے ڈرون سسٹمز، جدید دفاعی ٹیکنالوجیز اور تربیتی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا تاکہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
بریگیڈیئر فیصل خان نے اردن کے مسلح افواج کے ساتھ تعاون اور تجربات کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اردن جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔
ملاقات میں اردنی مسلح افواج کے سینئر افسران اور عمان میں تعینات پاکستانی فوجی اتاشی بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے راولپنڈی میں پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی سازوسامان تیار کرنے والے ادارے گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سالوشن کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور زیرِ بحث آئے تھے۔