سعودی عرب میں انار کی سالانہ پیداوار 40 ہزار ٹن تک پہنچ گئی
مختلف ریجنز میں انار کے درختوں کی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
مملکت کے مختلف ریجنز کے کھیتوں میں انار کے 13 لاکھ سے زائد درختوں سے سالانہ 40 ہزار ٹن کے قریب پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کی جانب سے سیزنل پھلوں کے حوالے سے شروع کی گئی مہم ’حلوۃ بموسمھا‘ کے تحت مختلف سیزنل پھلوں اور فصلوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ اس ضمن میں وزارت کا کہنا تھا کہ مملکت میں کاشت کی جانے والی فصلوں میں انار کا شمار اہم پھلوں میں ہوتا ہے۔
انار کی زیادہ تر کاشت عسیر، مکہ مکرمہ، تبوک، قصیم اور الباحہ ریجنز میں کی جاتی ہے، جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں اس کی پیداوار حاصل ہوتی ہے ۔
وزارت کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کی معاونت کے لیے فنی رہنمائی، زرعی مشاورت، مالی سہولتیں اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ سمیت مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں، تاکہ پیداوار اور معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
اس کے ساتھ ہی مقامی زرعی مصنوعات کی موثر ترسیل اور مارکیٹنگ کے لیے موسمی پروگرامز او مقامی نمائشوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔
وزارت کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والے انار کی مقبول اقسام میں ’طائفی، حجازی، ونڈرفل اور ایورسویٹ‘ قابل ذکر ہیں۔ انار کے مختلف استعمال ہیں جن میں سب سے زیادہ جوس اور آئس کریم کی تیاری اہم ہے۔
خیال رہے ’حلوۃ بموسمھا‘ مہم کا مقصد موسمی پھلوں سے متعلق آگاہی میں اضافہ کرنا اور قومی زرعی مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
