سعودی عرب میں عید دسترخوان کے مشہور علاقائی پکوان
عید دسترخوان کی تیاری چاند رات سے شروع کر دی جاتی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں علاقائی پکوانوں کو عید دسترخوان کی زینت بنانے کا رواج عام ہے۔ ہر علاقے میں وہاں کی خاص ڈش کو عید دسترخوان پر سجایا جاتا ہے۔
عکاظ کے مطابق ان روایتی پکوانوں میں حنینی، القرصان، المراصیع اور العصیدہ وغیرہ شامل ہیں۔
بیشتر خاندان عید کے حوالے سے اپنی علاقائی روایتوں پر آج بھی ماضی کی طرح قائم ہیں۔
روایتی پکوانوں کی تیاری میں گھریلو خواتین سرگرمی سے حصہ لیتی ہیں اور عید دسترخوان کی تیاری چاند رات سے شروع کر دی جاتی ہے۔
نجد کے علاقے میں عید دسترخوان پر روایتی پکوانوں میں القرصان، الجریش، المرقوق وغیرہ شامل ہیں۔
الجریش کی تیاری میں کٹی ہوئی گندم اور لسی شامل ہوتی ہے، القرصان، کو بنانے میں پتلی روٹی کا استعمال کیا جاتا ہے جسے گوشت اور سبزیوں کی یخنی میں ڈالا جاتا ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن کے روایتی پکوان قدرے مختلف ہوتے ہیں۔ ان میں الدبیازہ، الھریسہ، اللدو اور الحلاوہ اللبنیہ اور السلیق شامل ہے۔
سلیق، موٹے چاولوں کو گوشت اور دودھ کے ساتھ پکایا جاتا ہے۔ مدینہ منورہ کے پکوانوں میں الدبیازہ کے ساتھ التعتیمہ اور فول، توے پر بھنی بکرے کی تازہ کلیجی، آملیٹ اور پنیر شامل ہے۔

قصیم ریجن میں عید دسترخوان کے لیے القرصان، الجریش ، المرقوق، المطازیر ہوتے ہیں جبکہ حائل ریجن میں حائلی ڈش جو گوبھی کے پتوں میں چاول اور قیمہ لپیٹ کر بنائی جاتی ہے، کے علاوہ انگور کے پتے، المقشوش اس میں گوندھے آٹے کی گولیاں ہوتی ہیں جو شہد یا گڑ کی آمیزش سے تیار کی جاتی ہے۔
مشرقی ریجن کے بھی الگ روایتی پکوان ہیں جو عید کے ایام میں تیار کیے جاتے ہیں۔ ان میں مخصوص طریقے سے تیار کیا گیا عصیدہ، الدغابیس شامل ہیں جس میں گوشت شامل کیا جاتا ہے۔

جازان ریجن میں عید دسترخوان میں جو کا دلیہ اوردودھ ، خالص گھی اور شہد روایتی پکوانوں کی تیاری کے بنیادی عناصر میں شامل ہیں جبکہ جنوبی علاقے میں سب سے مشہور پکوان المرسہ ہے، یہ باجرے کے آٹے سے تیار کیا جاتا ہے اور اس میں کیلے کو پیس کر شہد اور دیسی گھی کی آمیزش کی جاتی ہے۔
