Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی کامیابی پر روینہ ٹنڈن کیا کہتی ہیں؟

’ویلکم ٹو دی جنگل‘ جمعے کو سینما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کی گئی تھی (فوٹو: فلم پوسٹر)
بالی وُڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے اپنی نئی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کو نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ناظرین کی جانب سے ملنے والا مثبت ردِعمل پوری ٹیم کے لیے خوشی کا باعث ہے۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں روینہ ٹنڈن نے بتایا کہ 26 جون ان کے لیے خوش قسمت تاریخ ہے، کیونکہ اسی دن فلم ریلیز ہوئی اور ان کے بیٹے نے بھی اپنی تعلیم کا ایک اہم مرحلہ مکمل کیا۔
روینہ نے فلم میں شامل بڑے فنکاروں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے تجربے کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اکشے کمار، سنیل شیٹی، ارشد وارثی، فریدہ جلال، پریش راول اور دیگر اداکاروں کے ساتھ پرانی دوستی نے شوٹنگ کے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔‘
ان کے مطابق ’ہدایت کار احمد خان نے اتنی بڑی کاسٹ کو ایک ساتھ سنبھالنے اور ہر فنکار کو مناسب اہمیت دینے کا مشکل کام کامیابی سے انجام دیا۔‘
اکشے کمار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے روینہ ٹنڈن نے کہا کہ ’کئی برس بعد اکشے کے ساتھ دوبارہ کام کرنا خوشگوار تجربہ رہا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’اکشے کمار آج بھی پہلے کی طرح محنتی، منظم اور اپنے کام کے لیے غیر معمولی حد تک پُرعزم ہیں۔‘
اداکارہ نے فلم پر ہونے والی تنقید کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ’بعض ناقدین کامیڈی فلم میں بھی حقیقت پسندی تلاش کر رہے ہیں‘، تاہم مجموعی طور پر فلم کو ناظرین اور شوبز حلقوں سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔
روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا کہ کسی بھی فلم کی کامیابی یا ناکامی کے حوالے سے وہ سب سے زیادہ اپنے شوہر انیل تھڈانی کی رائے کو اہمیت دیتی ہیں۔ ان کے مطابق ’انیل تھڈانی فلموں کی کامیابی کا درست اندازہ لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ ایک بڑی بلاک بسٹر ثابت ہوگی۔
اپنے کیریئر کے حوالے سے روینہ نے کہا کہ انہوں نے 2002 کے بعد شعوری طور پر مختلف نوعیت کے کرداروں کا انتخاب شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’وہ ایک ہی طرز کے کرداروں تک محدود رہنے کے بجائے ہر نئی فلم میں منفرد کردار ادا کرنا پسند کرتی ہیں۔‘
اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ میتھڈ ایکٹنگ یا طویل ورکشاپس پر یقین نہیں رکھتیں بلکہ کردار کو فطری انداز میں ادا کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کے مطابق ’میں زیادہ ریہرسل کے بجائے منظر کی کیفیت کو موقع پر محسوس کرکے پرفارم کرنا پسند کرتی ہوں۔‘

شیئر: