Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکشے کمار کی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ جس میں ’ہاؤس فُل فائیو سے بہتر کامیڈی ہے‘

’ویلکم ٹو دی جنگل‘ جمعے کو سینما گھروں میں ریلیز کی گئی ہے (فوٹو: فلم پوسٹر)
بالی وڈ سُپر سٹار اکشے کمار کی نئی کامیڈی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ ریلیز ہوتے ہی شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق فلم جمعے کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ناظرین کی جانب سے ابتدائی ردِعمل سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
متعدد مداحوں نے فلم کو بھرپور تفریح فراہم کرنے والی فیملی انٹرٹینر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ حالیہ کامیڈی فلم ’ہاؤس فل فائیو‘ کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر اور دلچسپ ہے۔‘
شائقین کے مطابق ہدایت کار احمد خان نے فلم میں شامل بڑے اور متنوع فنکاروں کی ٹیم کو مؤثر انداز میں استعمال کیا ہے۔ ایک صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلم نہ صرف مزاح سے بھرپور ہے بلکہ اس میں شامل گانے بھی متاثر کن ہیں۔‘
خاص طور پر اکشے کمار اور دیشا پٹانی پر فلمایا گیا گانا ناظرین کو پسند آ رہا ہے۔ مداحوں نے کامیڈی کے بادشاہ جانی لیور کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مزاحیہ ٹائمنگ کا آج بھی کوئی مقابلہ نہیں۔
کئی ناظرین کا کہنا ہے کہ فلم ٹریلر کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق فلم کے ابتدائی پندرہ منٹ انتہائی دلچسپ ہیں جبکہ وقفے سے قبل آنے والا تقریباً تیس منٹ کا حصہ فلم کا سب سے مضبوط اور مزاح سے بھرپور سیکشن ہے۔ مداحوں کے مطابق ان مناظر میں اتنی زیادہ کامیڈی ہے کہ ناظرین ہنستے ہنستے اپنی نشستوں سے گرنے کے قریب پہنچ جاتے ہیں۔

فلم کو ایک صاف ستھری اور خاندانی تفریح قرار دیا جا رہا ہے جو فحش یا غیر مناسب مزاح کے بجائے روایتی بالی ووڈ انداز کی کامیڈی پیش کرتی ہے۔
اکشے کمار کی مزاحیہ اداکاری کو فلم کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سنیل شیٹی، ارشد وارثی، جانی لیور، آفتاب شیوداسانی اور فریدہ جلال کی پرفارمنس بھی شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہی ہے

 فلم میں مختلف اداکاروں کے درمیان دلچسپ مکالمے اور نوک جھونک نے بھی ناظرین کو ماضی کی یاد تازہ کر دی ہے۔
تاہم بعض ناظرین نے فلم پر تنقید بھی کی ہے۔ ان کے مطابق فلم کا ولن زیادہ مضبوط تاثر چھوڑنے میں ناکام رہا جبکہ چند اداکاروں کی کارکردگی توقعات پر پوری نہیں اتر سکی۔ کچھ صارفین نے فلم کے بصری اثرات اور تکنیکی معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

ادھر باکس آفس پر بھی فلم نے شاندار آغاز کیا ہے۔ تجارتی اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے ساکنلک کے مطابق ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ نے ریلیز کے پہلے روز انڈیا بھر میں ایڈوانس بکنگ کے دوران ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت کیے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ فلم ابتدائی دنوں میں باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی ردِعمل کو دیکھتے ہوئے خیال کیا جا رہا ہے کہ ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ شائقین کو ہنسی، تفریح اور نوسٹالجیا کا بھرپور امتزاج فراہم کرنے میں کامیاب رہی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ کئی مداح اسے حالیہ برسوں کی بہتر کامیڈی فلموں میں شمار کر رہے ہیں۔

شیئر: