فرانس میں طیارہ گر کر تباہ، طیارے پر سوار تمام 11 افراد ہلاک
جرمنی میں رجسٹرڈ یہ طیارہ نینسی-ایسے ایئرڈروم کے رن وے کے قریب گھاس والے میدان میں گر کر تباہ ہوا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے مشرقی قصبے ٹومبلین کے قریب اتوار کے روز سکائی ڈائیورز کو لے جانے والا ایک چھوٹا سویلین طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 11 افراد جان سے گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسے فرانس میں ہلکے طیاروں کے مہلک ترین حادثات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
مشرقی علاقے میورت اے موزیل کے پریفیکٹ ایو سیگے کے مطابق، حادثے میں پانچ انسٹرکٹرز، پانچ طلبہ اور ایک پائلٹ جان کی بازی ہار گئے۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حادثے میں کوئی راہگیر یا قریبی رہائشی متاثر نہیں ہوا۔
جرمنی میں رجسٹرڈ یہ طیارہ نینسی-ایسے ایئرڈروم کے رن وے کے قریب گھاس والے میدان میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کا مقام رہائشی علاقے اور دو سڑکوں کے قریب واقع ہے۔
حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ متاثرہ خاندانوں اور عینی شاہدین کو طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
نینسی کے ڈپٹی پبلک پراسکیوٹر اموری لاکوت کے مطابق، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ سے بچنے کے لیے ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقے سے دور رہیں۔
فرانسیسی وزیرِ داخلہ لوراں نونیز حادثے کے مقام کا دورہ کریں گے۔
