Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسپا سکوٹر کے 80 سال مکمل ہونے پر دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سواروں کی روم میں ریلی

اٹلی کے طرزِ زندگی کی علامت سمجھی جانے والی مشہور ویسپا سکوٹر کی تخلیق کے 80 سال مکمل ہونے پر  جشن منایا گیا، جس میں دنیا بھر سے آئے ہزاروں سواروں نے روم کی سڑکوں پر شاندار ریلی نکالی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شدید گرمی کے باوجود کچھ شرکاء نے بائیکر جیکٹس پہن رکھی تھیں، جبکہ دیگر ٹی شرٹس میں نظر آئے۔ رنگ برنگے ویسپا اسکوٹرز کی گونج نے اٹلی کے دارالحکومت کو منفرد منظر پیش کیا۔ سوار تنہا اور جوڑوں کی صورت میں شہر کے مرکز سے گزرے، یہاں تک کہ ان سڑکوں پر بھی جہاں عام طور پر نجی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوتا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ باموندے نے بتایا کہ وہ اپنا ویسپا امریکہ سے لائے، جرمنی اور ویانا سے ہوتے ہوئے آسٹریا سے روم تک دو ہفتوں میں سفر مکمل کیا۔
اطالوی شہری آندریا موسکو نے کہا کہ ویسپا محض ایک سواری نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے، جو آزادی، لمحے سے لطف اندوز ہونے اور نئی جگہیں دریافت کرنے کی علامت ہے۔
فلمی شاہکار’رومن ہالیڈے‘  اور ’لا ڈوس ویٹا‘ میں نمایاں کردار ادا کرنے والا ویسپا، روم شہر کی شناخت کا بھی اہم حصہ بن چکا ہے۔
روم کے میئر روبرٹو گوالتیری نے کہا کہ ویسپا دوسری جنگِ عظیم کے بعد دوبارہ ابھرتے ہوئے اٹلی، اس کی تاریخ اور ثقافت کی ایک علامت بن گیا۔

1946 میں آغاز، آج عالمی شناخت

اطالوی زبان میں ویسپا کا مطلب ’بھڑ‘ ہے، جو اس کے انجن کی آواز کی مناسبت سے رکھا گیا۔ اس کی تیاری کا پہلا پیٹنٹ 23 اپریل 1946 کو اطالوی کمپنی پیاجیو  نے رجسٹر کرایا تھا، اور آج بھی اسے ٹسکنی کے شہر پونٹیڈیرا میں تیار کیا جاتا ہے۔
تقریبات کا آغاز جمعرات کو روم کے فورو اٹالیکو میں قائم ’ویسپا ولیج‘ سے ہوا، جبکہ ہفتے کو تاریخی پریڈ کے ساتھ جشن اپنے عروج پر پہنچا۔
دنیا بھر سے آئے ہزاروں ویسپسٹی  اپنے مخصوص گول ڈیزائن، رنگین دھاتی باڈی اور گول ہیڈ لائٹ والے ویسپا سکوٹرز پر سوار ہو کر اس تقریب میں شریک ہوئے۔
امریکہ سے آنے والے اینڈریو وارڈ اور ان کی بہن جولی سٹوور نے روم میں ویسپا کرائے پر لے کر پریڈ میں حصہ لیا۔
اینڈریو وارڈ نے کہا، ’ہم نے ساری زندگی موٹر سائیکلیں چلائیں، لیکن ہمیشہ ویسپا لینے کی خواہش تھی، اور اب میرے پاس دو ویسپا ہیں۔‘
جولی سٹوور کے مطابق، ’ویسپا ایک اعلیٰ معیار کا سکوٹر ہے اور اس کا اپنا ایک وقار ہے۔ یہ عام سستے اسکوٹروں جیسا نہیں، بلکہ واقعی خاص ہے۔‘

نقل و حمل سے بڑھ کر ایک سماجی علامت

ویسپا کو عام لوگوں کے لیے سستی اور آسان سواری کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا، تاہم وقت کے ساتھ یہ سماجی اور ثقافتی اہمیت بھی اختیار کر گیا۔
پیاجیو گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین میٹیو کولانینو نے کہا کہ ویسپا اس اٹلی کی علامت ہے جو جنگ کے بعد دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہوا۔ ان کے مطابق یہ صرف جسمانی نقل و حرکت نہیں بلکہ معاشی اور سماجی ترقی کی خواہش کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 1946 سے اب تک تقریباً دو کروڑ ویسپا سکوٹر تیار کیے جا چکے ہیں، اور یہ ایک عالمی رجحان بن چکا ہے۔
اطالوی وزیراعظم جورجیا میلونی نے بھی ویسپا کو نہ صرف اطالوی صنعت کی بہترین مثال بلکہ دنیا بھر میں اٹلی کی تخلیقی صلاحیت، انداز اور ثقافت کی علامت قرار دیا۔

شیئر: