Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر حادثے پر سعودی قیادت و عوام سے اظہار تعزیت

اتوار کو سعودی آرامکو کا ہیلی کاپٹر راس تنورہ کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 14 سعودی شہریوں کے جان سے جانے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق پیر کو شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، سوگوار خاندانوں اور بردار ملک سعودی عرب سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں اپنے سعودی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
اتوار کو سعودی آرامکو کا ایک ہیلی کاپٹر راس تنورہ میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس کے نتیجے  میں سوار تمام 14 افراد جان سے گزر گئے تھے اور وہ سب سعودی شہری تھے۔
اس کے بعد سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کا کہنا تھا کہ فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جبکہ اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

شیئر: